عید کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری

آئندہ تین روز کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

جمعہ 9 اگست 2019 18:16

عید کیلئے ٹھنڈی ٹھنڈی خوشخبری
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2019ء) آئندہ تین روز کے دوران راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔ اس دوران موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے، برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پیر تک میرپورخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی، شہید بینظیرآباد ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا ،ملتان، ڈی جی خان میں کہیں کہیں جبکہ ساہیوال، بہاولپور،سکھر، لاڑکانہ،مکران،کوئٹہ، ڑوب،قلات، سبی اور نصیرآباد ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعہ(رات) سے اتوار کے دوران زیریں سندھ( میرپورخاص، ٹھٹھہ، حیدرآباد، کراچی اور شہید بینظیرآباد (ڈویژن)، قلات، ژوب، سبی اور نصیرآباد ڈویژن میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ جمعہ سے ہفتہ کے دوران ہزارہ، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد ڈویژن ، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔

جمعہ(رات)سے اتوار کے دوران موسلادھار بارش کے باعث کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے جبکہ اس دوران قلات، سبی، ژوب اور نصیرآباد ڈویژن میں مقامی دریاوٰں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ جمعہ سے ہفتہ کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی،گوجرانوالہ،ڈی جی خان ڈویژن اور کشمیر میں موسلادھار بارش کے باعث مقامی دریائوں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس دوران پشاور، راولپنڈی،گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے۔ تیز بارشوں کے باعث ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگلت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد میں اکثر مقامات پر جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال،ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان، کراچی، میرپورخاص، حیدر آباد، ٹھٹھہ ڈویژن، کشمیر میں کہیں کہیں اور مالاکنڈ، ہزارہ، بنوں، قلات، ژوب ڈویژن میں چند مقامات پر تیزہوائوں/آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

سب سے زیادہ بارش اسلام آباد (سید پور66، زیروپوائنٹ39، گولڑہ 22)، سیالکوٹ (ائیرپورٹ53، سٹی42)، جہلم45، ناروال45، نورپورتھل32،گجرات28، حافط آباد24، لاہور(سٹی21،ائیرپورٹ05)،خانیوال21، بہاولپور (ائیرپورٹ16، سٹی12)، خان پور11، فیصل آباد07، ملتان، جھنگ04، مری03، ٹوبہ ٹیک سنگھ، راولپنڈی(شمس آباد)، گوجرانوالہ02، منڈی بہائوالدین01، سندھ کالوئی20، ڈپلو17، ٹھٹھہ11، چھور 07، بدین05، چھاچھرو04، مٹھی03، میرپورخاص02، کراچی(گلشن حدید)02، خیبر پختونخوا: بنوں27، مالم جبہ18، بالاکوٹ13، پاراچنار 12، بلوچستان: بارکھان19، خضدار04، کشمیر: گڑھی دوپٹہ15، راولاکوٹ11، مظفر آباد (ائیرپورٹ09، سٹی05) ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

جمعہ کوملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: پٹن 44، نورپورتھل، تربت اور نوکنڈی میں 42ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔