حریت کانفرنس اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے مطالبے کا خیرمقدم کرتی ہے، عبدالحمید لون

بدھ 11 ستمبر 2019 13:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) حریت کانفرنس کے رہنما عبدالحمید لون نے کہا ہے کہ حریت کانفرنس 58 ممالک کی طرف سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کروانے کے مطالبے کا خیرمقدم کرتی ہے۔ بدھ کو یہاں انہوں نے کہاکہ 58 ممالک کی طرف سے انسانی حقوق کونسل سے مطالبے نے بھارت کو بے نقاب کردیا ہے کیونکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کھلم کھلا انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام 6 ہفتوں سے مسلسل بھوک اور پیاس کا شکار ہیں۔ حریت کانفرنس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایک مرتبہ پھر ثالثی کے بیان کا بھی خیر مقدم کرتی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ بھارت پر مقبوضہ کشمیر میں ایک ماہ سے زائد عرصہ نے نافذ کرفیو کو ختم کرانے کے لئے دبائو ڈالیں۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے کہا کہ بھارت عالمی دباؤ کا شکار ہے تاہم بھارت مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرکے دنیا کی توجہ ہٹانے کی کوشش کرے گا۔

انسانی حقوق کونسل کے مطالبے اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو نیا حوصلہ بخشا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو رسائی دینے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔بھارت کی مختلف جیلوں میں 20 ہزار سے زائد کشمیری قید ہیں۔ان کی رہائی کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی سے بھارت پر مزیر دباؤ بڑھانے کے لئے یورپی ممالک اور امریکہ کا دورہ کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے۔