آر ٹیکل 149سندھ پر تیسرا حملہ ہے ،جب تک پیپلز پارٹی ہے سندھو دیش کبھی نہیں بن سکتا،پیپلز پارٹی

صدر نے پارلیمنٹ ، سپریم کورٹ او ر الیکشن کمیشن پر حملہ کیا ہے ،صدر، وزیراعظم اور آرڈیننسز بھی سلیکٹڈ ہیں، آزاد کشمیر میں کھلاڑیوں کو بلے بازوں کو بلا کر کنسرٹ کروایا گیا، گانے اور ٹھمکوں سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرے گی، کشمیر کے مقدمے میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں، اچھا سفیر بننا ہے تو ذوالفقار بھٹو کی نقل کریں، نفیسہ شاہ ، پلوشہ خان ، روبینہ خالد کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 14 ستمبر 2019 18:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 ستمبر2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے آر ٹیکل 149کو سندھ پر تیسرا حکومتی حملہ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ جب تک پیپلز پارٹی ہے سندھو دیش کبھی نہیں بن سکتا، صدر نے پارلیمنٹ ، سپریم کورٹ او ر الیکشن کمیشن پر حملہ کیا ہے ،صدر، وزیراعظم اور آرڈیننسز بھی سلیکٹڈ ہیں، آزاد کشمیر میں کھلاڑیوں کو بلے بازوں کو بلا کر کنسرٹ کروایا گیا، گانے اور ٹھمکوں سے کشمیر آزاد نہیں ہوگا، پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرے گی، کشمیر کے مقدمے میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں، اچھا سفیر بننا ہے تو ذوالفقار بھٹو کی نقل کریں۔

ان خیالات کا اظہار نفیسہ شاہ ، پلوشہ خان اور روبینہ خالد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

نفیسہ شاہ نے کہا کہ وزراء شرارتیں کر رہے ہین جس کے باعث انتشار پھیل رہا ہے۔انہوںنے کہاکہ آرٹیکل 149 سندھ پر تیسرا حملہ ہے، بلاول بھٹو خبردار کرتے ہیں تو ان پر چڑھ دوڑتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ بلاول بھٹو کی صرف ایک تقریر کو کوٹ کیا جاتا ہے،جب تک پیپلز پارٹی ہے سندھو دیش کبھی نہیں بن سکتا۔

انہوںنے کہاکہ صدر پارلیمنٹ کا حصہ ہیں، ایک سال میں صدر نے جو کچھ کیا وہ ماضی کے آمروں کی یاد دلاتا ہے، اس صدر نے سپریم کورٹ پر آئینی حملہ کیا، صدر نے الیکشن کمیشن اور پارلیمنٹ کے اوپر حملہ کیا،صدر، وزیراعظم اور آرڈیننسز بھی سلیکٹڈ ہیں، صدر کی وڈیوز بھی موجود ہیں۔نفیسہ شاہ نے کہاکہ صدر ان وڈیوز میں کہہ رہے ہیں کہ کراچی میں ٹریفک نہیں چلے گی، ایک وڈیو میں کہا گیا کہ جی حضور پی ٹی وی پر جو کہا گیا وہ ہو گیا۔

پلوشہ خان نے کہاکہ گزشتہ روز گزشتہ روز آزاد کشمیر میں کھلاڑیوں کو بلے بازوں کو بلا کر کنسرٹ کروایا گیا، یقینا یہ سب دیکھ کر نریندر مودی کانپ رہا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر پہنچ کر پہلی دفعہ عوام سے خطاب کیا، وزیراعظم سے توقع تھی کہ وہ سب سے بڑا اعلان کریں گے، چالیس دن کے بعد وزیراعظم کو محسوس ہوا کہ وہ کشمیر کے سفیر ہیں۔

نفیسہ شاہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی کشمیر کے معاملے پر کوئی سیاست نہیں کرے گی،کشمیر کے مقدمے میں ہم حکومت کے ساتھ ہیں، وزیراعظم نے کشمیری نوجوانوں کو کوئی حوصلہ نہیں دیا، اچھا سفیر بننا ہے تو ذوالفقار بھٹو کی نقل کریں۔ پلوشہ خان نے کہاکہ وزیراعظم پہلا قدم بڑھائیں اور ایل او سی پار کریں پیپلزپارٹی ان کے ساتھ ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ آر ایس ایس کی تاریخ پچیس سال پرانی ہے، مودی سے ملاقات کے وقت وزیراعظم کو یاد نہ تھا۔

پلوشہ خان نے کہاکہ شاہ محمود قریشی اول نے انگریزوں کوچار سو ساٹھ گھوڑے فراہم کیے تھے،شاہ محمود قریشی دوئم بھی یہی کام کر رہے ہیں۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہاکہ آرٹیکل 149/4 کا اطلاق پہلے پشاور پر ہونا چاہیے ،اسلام آباد کا انتظام تو حکومت سے سنبھلتا نہیں باتیں کراچی کو کنٹرول کر نے کی کررہے ہیں ۔پلوشہ خان نے کہاکہ جو حالات ہیں اس سے لگتا ہے کہ مولانافضل الرحمن سے پہلے پیپلز پارٹی اسلام آباد پر چڑھائی کی کال دے دے۔