جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنماء جموں میں انتقال کر گئے

نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوںکو شرکت سے روکنے کیلئے کشتواڑ میں کرفیو مزید سخت کردیاگیا

پیر 16 ستمبر 2019 12:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 ستمبر2019ء) مقبوضہ کشمیرمیں جماعت اسلامی جموںریجن کے معروف رہنماء ماسٹر غلام نبی گنڈنہ بھارتی ریاست پنجاب میں انتقال کر گئے ہیں ۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ماسٹر غلام نبی کی عمر 89برس تھی اور وہ گزشتہ کچھ عرصے سے علیل تھے ۔ان کا گزشتہ روز لدھیانہ میں انتقال ہوا ۔ بھارت کی طرف سے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد ان کی جائیدار اور بینک اکائونٹس قبضے میں لے لئے گئے تھے ۔

غلام نبی کی نماز جنازہ آج کشتواڑ کے چوگان گرائونڈ میں ادا کی جائیگی ۔تاہم قابض انتظامیہ نے لوگوںکو نماز جنازہ میں شرکت سے روکنے کیلئے کرفیو اور دیگر پابندیاںمزید سخت کر دی ہیں۔ڈپٹی کمشنر کشتواڑ انگریز سنگھ رانا نے میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی ہے کہ ماسٹر غلام نبی کی نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں شرکت کے پیش نظر کشتواڑ میں کرفیو مسلسل نافذ رہے گا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صرف ان کے رشتہ داروںکو نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت دی جائیگی ۔ مرحوم جماعت اسلامی کے ایک متحرک کرکن تھے اور انہوںنے مختلف سطحوں پر اپنے فرائض انجام دئے ۔ انہوںنے 1990میںحریت کانفرنس میں شمولیت اختیار کی تھی اور انکی آزادی پسند سرگرمیوں کے باعث قابض انتظامیہ نے انکے خلاف کشتواڑ پولیس اسٹیشن میں 8مقدمات درج کر رکھے تھے ۔ ماسٹر غلام نبی وادی چناب میںمتھیمیٹکس کے معروف ٹیچر تھے ۔ تاہم جدوجہد آزادی کے آزاد کے بعد وہ اس سے وابستہ ہو گئے جس کے باعث انہیں قابض انتظامیہ نے متعدد بار کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل میں نظررکھا۔