Live Updates

وزیراعظم عمران خان سرکار کی پے در پے سفارتی پسپائی اور ناکامی بڑی تشویش کا باعث ہے ، لیاقت بلوچ

حکومتی بھاگ دوڑ بے سمت ہے ۔ قومی اتفاق رائے اور قومی قیادت کے تعاون سے بنائی حکمت عملی اور کشمیر پالیسی ہی پاکستان کی طاقت بنے گی، نائب امیر جماعت اسلامی

پیر 23 ستمبر 2019 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 ستمبر2019ء) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان سرکار کی پے در پے سفارتی پسپائی اور ناکامی بڑی تشویش کا باعث ہے ۔ حکومتی بھاگ دوڑ بے سمت ہے ۔ قومی اتفاق رائے اور قومی قیادت کے تعاون سے بنائی حکمت عملی اور کشمیر پالیسی ہی پاکستان کی طاقت بنے گی ۔ سفارتی تیز تر جنگ اور جہاد ی محاذ کے علاوہ اب پاکستان کے پاس کوئی تیسرا آپشن نہیں۔

ان خیالات کا ا ظہار انہوںنے اسلام آباد، گجرات ، بھمبر میں یکجہتی کشمیر مارچ ، معززین کے استقبالیہ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے مظلوم کشمیریوں کی اسلام ، اخلاقیات ، انسانیت اور حق کی بنیاد پر پشتیبان ہے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے اپنی تمام سرگرمیوں کو معطل کر کے ساری جدوجہد کا رخ ’’یکجہتی کشمیر عوامی مارچ‘‘ کی جانب موڑ دیاہے ۔

انہوںنے کہاکہ حکومت کو کشمیر پر سودے بازی سے روکیں گے اور عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کی تگ و دو کرتے رہیں گے ۔ مودی کے شر سے کشمیریوں کے حق میں خیر ضرور برآمد ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان ہوائی اور تقریری فائرنگ میں وقت ضائع نہ کریں پوری سنجیدگی سے گھر کا محاذ منظم کریں وگرنہ بیرونی محاذ سے مزید رسوائی ہی ہوگی ۔دریں اثنا لیاقت بلوچ نے آن لائن نیوز ایجنسی کے سربراہ محسن جمیل بیگ کے بیٹے کے ولیمہ میں شرکت کی ۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی ، سابق چیئرمین سینیٹ نیر بخاری ، سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں منظور وٹو اور ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات کی ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات