وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا لاہور میں پاک سری لنکا کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی 20 میچوں کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم

کھلاڑیوں کو باکس سکیورٹی دی جائیگی،میچوں کے پرامن انعقاد کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائینگے‘ سردار عثمان بزدار شائقین کوپارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے شٹل بس سروس چلائی جائیگی، انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت مکار دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت چوکس رہنا ہوگا،پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے،حرف نہیں آنے دینگے فیصل آباد میں زیادتی کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس،رپورٹ طلب،مقتول بچے کے خاندان کو انصاف دیںگے

بدھ 2 اکتوبر 2019 19:01

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا لاہور میں پاک سری لنکا کرکٹ ٹیموں کے مابین ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2019ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردا ر عثمان بزدار نے لاہور میںپاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ٹی 20 میچوں کیلئے فول پروف سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہاہے کہ متعلقہ ادارے اورمحکمے بہترین کوآرڈینیشن کا مظاہر ہ کرتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے ساتھ دیگر انتظامات بھی اعلیٰ معیار کے ہونے چاہئیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں لاہور میں سری لنکا اورپاکستان کے مابین ٹی 20 سیریز کے میچوں کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو میچوں کے انتظامات اور سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیاکہ 13416پولیس و سکیورٹی افسروں و جوانوں کو میچوں کے دوران سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات کیاجائے گا جبکہ شائقین کرکٹ کیلئے 9پارکنگ ایریاز بنائے گئے ہیں ۔

شائقین کرکٹ کوپارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے شٹل بس سروس چلائی جائے گی۔ شائقین کرکٹ کیلئے 68 بسیں چلائی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شٹل بس سروس کے ذریعے شائقین کو پارکنگ سے سٹیڈیم تک آنے اورجانے کی سہولت دیںگے اوردونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو باکس سکیورٹی دی جائے گی-میچوں کے پرامن انعقاد کے لئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گی-وزیراعلیٰ نے شائقین کرکٹ کیلئے سٹیڈیم کے اندرا ور باہر انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی برائے امن وامان میچوں کیلئے سکیورٹی کے انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لے۔ شائقین کرکٹ کو سٹیڈیم کے اندر اور باہر بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔پرامن اور محفوظ ماحول میںمیچوں کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔انہوںنے کہا کہ میچوں کا پرامن ماحول میںانعقاد پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ،اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔

مکار دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے چوکس رہ کر فرائض سرانجام دینا ہوںگے۔وزیراعلیٰ نے میچوں کے دوران مؤثر ٹریفک پلان پر من وعن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ میچوں کے باعث شہریوں کو آمدو رفت میں مشکل نہیں ہونی چاہیے۔ٹریفک صرف ٹیموں کی آمدورفت کے وقت ہی بند کی جائے تاکہ شہریوںکوزیادہ دشواری کاسامنا نہ کرنا پڑے ۔

ٹریفک کے بہترین متبادل انتظامات سے عوام کو باقاعدہ آگاہ کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میچوں کے دوران ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دینے والے عملے کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام ہونا چاہیے۔ سٹیڈیم کے اندر اور باہر صفائی کے بہترین انتظامات ہونے چاہئیں۔کرکٹ سے محبت رکھنے والوں کو پرامن ماحول میں لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا-سری لنکا کی ٹیم کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی ہوئی ہی-میچوں کے انعقاد سے کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہورہی ہیں-انہوںنے کہا کہ زندہ دلان لاہور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو میدان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔

میچ کے دوران سٹیڈیم کے اندر اور سٹیڈیم کے داخلی و خارجی راستوں پر بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔متعلقہ محکمے اپنے وضع کردہ پلان کے مطابق فرائض کی ادائیگی ہر قیمت پر یقینی بنائیں ۔ صوبائی وزراء راجہ بشارت، محمد ہاشم ڈوگر، محمد تیمور خان بھٹی، عنصر مجید خان نیازی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ،عسکری وسول حکام اورپاکستان کرکٹ بورڈ کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے فیصل آباد میں زیادتی کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہی-وزیراعلیٰ نے کہاکہ مقتول بچے کے خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کریںگی-انہوںنے ہدایت کی کہ گرفتار ملزم کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کر کے چالان جلد عدالت میں پیش کیاجائی-انہوںنے کہاکہ ایسے واقعات میں ملوث ملزم قانون کے تحت قرار واقعی سزا کے مستحق ہیں-