Live Updates

اگر جیلوں میں موجود 6 لوگوں کو این آر او دیدیں تو اپوزیشن کی تحریک ٹھس ہو جائے گی، شیخ رشید کا وزیراعظم کو مشورہ

میں اندر سے چاہتا ہوں کہ عمران خان اس معاملے کو دفع کرے لیکن وہ میرا مذاق اڑاتا ہے: وفاقی وزیرِ ریلوے کی پریس کانفرنس

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 12 اکتوبر 2019 19:04

اگر جیلوں میں موجود 6 لوگوں کو این آر او دیدیں تو اپوزیشن کی تحریک ٹھس ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 اکتوبر2019ء) وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو کہا اگر جیلوں میں موجود 6 لوگوں کو این آر او دیدیں تو اپوزیشن کی تحریک ٹھس ہو جائے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں اندر سے چاہتا ہوں کہ عمران خان اس معاملے کو دفع کرے لیکن وہ میرا مذاق اڑاتا ہے۔ شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران اور خاص طو رپر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکر گزار ہوں جنہوں نے کشمیر اور دفاعی معاملات کے ساتھ ایم ایل ون کا بھی ذکر کیا ۔

ایم ایل ون منصوبہ ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اس سے ریلوے میں انقلاب آئے گا ۔ 1861میں انگریز نے پٹڑی بچھائی اور آج عمران خان کے دور میں یہ تبدیل ہونے جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کس کے ایجنڈے پر ہیں یہ اللہ کو پتہ ہے ، لیکن مولانا فضل الرحمان پھنس چکے ہیں ، ان کے آگے کنواں اور پیچھے کھائی ہے ۔ شہباز شریف بھی کبھی ادھر اور کبھی اُدھر ہیں لیکن 23سے 26اکتوبر کے درمیان صورتحال واضح ہو جائے گی اور میں پریس کانفرنس کر کے قوم کو آگاہ کروں گا ۔

ابھی مولانا فضل الرحمان، شہباز شریف نے حتمی طے نہیں کیا اور یہی صورتحال پیپلز پارٹی کی بھی ہے ۔ پتہ نہیں شہبازشریف اور نواز شریف اندھے سے ملے ہوئے ہیں اور باہر آکر ایک دائیں اور ایک بائیں طرف چلا جاتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے معیشت کو ڈیفالٹ ہونے سے بچا لیا ، کرنسی کو استحکام دیا اور بین الاقوامی سطح پر خود کو منوایا ہے ، مودی کو وہاں لاکر کھڑا کیا ہے کہ اس کی جان نہیں چھوٹ سکتی ۔

وزیر اعظم عمران خان ایران اور سعودی عرب کے دورے پر جارہے ہیں ۔انہوں نے چین میں کشمیر کا کیس پیش کیا اور چین نے بھی زور دیا ہے کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل کیا جانا چاہیے ۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ ہمیں معلوم ہے کہ ہم نے آدھا پائو والا یا آدھا کلو والا مصالحہ استعمال کرنا ہے ،ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر جنگ ہوئی تو یہ آخری جنگ ہو گی ۔ عوام ، عمران خان اور فوج کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں جب کرفیو اٹھے گا تو مجاہدوں اور شہادتیوںکا اصل چہرہ سامنے آئے گا ، کشمیر ی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر نکلیں گے ، ہمارے پاس گنوانے کیلئے کچھ نہیں ہے اور بھارت بہت کچھ گنوائے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات