Live Updates

اسلام آباد سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2019ء) مقبوضہ کشمیر میں 75 روز سے مسلسل محاصرے اور کرفیو کے خلاف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر سہ پہر تین بجے سائرن بجتے ہی شاہراہوں پرٹریفک رک گئی اور شہریوں نے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، وزیراعظم عمران خان کی طرف سے کشمیریوں سے یکجہتی کے لئے ٹویٹ بھی جاری کیا گیا اور کشمیری عوام کو حمایت کا یقین دلایا گیا۔

جمعہ کو مقبوضہ کمشیر میں 9 لاکھ بھارتی افواج کی طرف سے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مسلسل 75ویں روز تک محاصرے میں رکھنے کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شاہراہ دستور پر دفتر خارجہ کے باہر مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے سہ پہر 3 بجے اکٹھے ہو کر کشمیریوں سے یکجہتی کااظہار کیا۔

اس موقع پر دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا اور تین بجے سائرن بجنے کے ساتھ ہی ملک بھر میں ٹریفک رک گئی اور کشمیری عوام کو حمایت کا یقین دلایا گیا۔ شہریوں نے کتبے اٹھا کر کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم کی توجہ بھارتی محاصرے کی طرف دلائی جس نے 9 لاکھ افواج کے ذریعے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مسلسل 75 روز سے محاصرے میں رکھا ہوا ہے۔

شرکاء نے پاکستان زندہ آباد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے اور بھارتی مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اس موقع پر تجارتی مراکز، نجی اور سرکاری دفاتر کے ملازمین نے بھی کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ دفتر خارجہ کے باہر یکجہتی کشمیر مظاہرے میں شرکت کرتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کی متعصب قیادت نے خود کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے اور عالمی میڈیا یہ کہنے پر مجبور ہو گیا ہے کہ 80 لاکھ سے زائد کمشیری گھروں میں قید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل، انسانی حقوق کے عالمی ادارے کشمیر کی صورتحال جان چکے ہیں اور انسانی حقوق کی بد ترین پامالیوں پر نظریں جمائے ہوئے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات