سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں میں بسنے والوں پر بھارتی فوج کی فائرنگ قابل مذمت ہے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر

امید ہے متاثرین کی امداد اور حفاظت کے حوالے سے حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریاںمزید احسن طریقہ سے پوری کرے گی، راجہ فار وق حیدر خان

منگل 22 اکتوبر 2019 16:56

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2019ء) وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ سیز فائر لائن سے ملحقہ علاقوں میں بسنے والوں پر ہندوستانی فوج کی فائرنگ اور گولہ باری قابل مذمت ہے امید ہے ان علاقوں کے متاثرین کی امداد اور حفاظت کے حوالے سے حکومت پاکستان اپنی ذمہ داریاںمزید احسن طریقہ سے پوری کرے گی ۔ وہ منگل کے روز آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں توجہ طلب نوٹس پر اظہار خیال کر رہے تھے ۔

وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزاد کشمیر کے 13انتخابی حلقہ جات ہندوستان کی فائرنگ اور گولہ باری کے زد میں آئے ہیں جن مین نیلم ، کرناہ ،حویلی ، عباسپور ، نکیال، گوئی ، سماہنی زیادہ متاثرہ ہیں ان علاقوں میں جانی نقصانات کے علاوہ بھارتی فائرنگ اور گولہ باری سے درجنوں مکانات تباہ بھی ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

متاثرین کو جلد از جلد مالی امداد دی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے فائرنگ اور گولہ باری میں نیلم جہلم پراجیکٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی حالانکہ عالمی قوانین کے تحت پن بجلی کے منصوبوں کو کسی صورت نشانہ نہیں بنایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے وزیر اعظم دو صوبوں میں انتخابی موکہ جیتنے کے لئے سیز فائر لائن پر آزاد کشمیر کے نہتے لوگوں کو گولہ باری کا نشانہ بنا رہے ہیں ۔

آر ایس ایس کی ذہنیت ہندوستان بھر کی اقلیتوں کو نشانہ بنارہی ہے اور اسی ذہنیت نے مقبوضہ کشمیر کو لاک ڈائون کر رکھا ہے ۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی طرف سے اسلام آباد میں متعین سفیروں کو جنگ بندی لائن کے علاقوں کے دورے کا خیر مقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان جو آزاد کشمیر کے علاقوں کو نشانہ بنانے کے لئے دہشتگردی کے کیمپوں کی موجودگی کا جواز بنا رہا ہے جو قطعا بے بنیاد ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو اپنی بہادر افواج پر مکمل یقین ہے کہ وہ ان کی حفاظت کو یقینی بناتی رہیں گی ہندوستان نے آزاد کشمیر پر جارحیت کا سوچا بھی تو اس کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سیز فائر لائن کے قریبی علاقوں میں سرکاری عمارتوں کی تعمیر میں عمارتوں کے ڈیزائن اس طرح بنائے جائیں گے تاکہ محفوظ رہ سکیں ۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں فرسٹ ایڈ سنٹر تعمیر کرنے کے علاوہ رابطہ سڑکوں اور صحت کی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے متاثرین ہندوستانی گولہ باری کی بھر پور مالی و دیگر معاونت جاری رکھے گی۔