ایم کیو ایم سندھ میں خانہ جنگی کے حالات پیدا کرنے کی سازش کررہی ہے ،ڈاکٹر قادر مگسی

کراچی میں رہنے والے تمام مستقل باشندے بلاامتیاز سندھی ہیں انہیں تسلیم کرنا ہو گا کہ کراچی سندھ کا اٹوٹ انگ ہے، سربراہ ترقی پسند پارٹی کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 26 اکتوبر 2019 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2019ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ سندھ ہمارا تاریخی مادر وطن ہے اس کے وجود وحدت اور بقا کو جب بھی کوئی خطرہ لاحق ہوتا ہے سب سندھی اپنے تمام اختلافات کو فراموش کر کے میدان میں نکل آتے ہیں، کراچی میں رہنے والے تمام مستقل باشندے بلاامتیاز سندھی ہیں انہیں تسلیم کرنا ہو گا کہ کراچی سندھ کا اٹوٹ انگ ہے، ایم کیوایم نے نئے صوبوں کے قیام کے سلسلے میں صوبائی اسمبلیوں کے اختیارات ختم کرنے کی آئینی ترمیم پیش کر کے سندھ میں خانہ جنگی کے حالات پیدا کرنے کی سازش کی ہے، اردو بولنے والے جو الطاف مافیا کے ہاتھوں یرغمال تھے دہشت سے نکلیں اور خصوصا 3 نومبر کو گورنر ہاس کے سامنے فوارہ چوک پر ہمارے ساتھ زیادہ سے زیادہ جمع ہو کر ہمارا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتے کو دوپہر میں ترقی پسند ہاس قاسم آباد سے کراچی سندھ ہے امن مارچ کے آغاز پر قافلے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ایک اخبار نویس نے اپنے سوال میں نوازشریف کی ضمانت منظور ہونے کی طرف اشارہ کیا تو ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ اس وقت ایسے سوالات رہنے دیں، اس موقع پر پارٹی کے رہنماں کے علاوہ سندھی دانشور ادیب اور سول سوسائٹی کے رہنما بھی موجود تھے جبکہ خواتین نے بھی شرکت کی۔

ایک سوال پر ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنے سیاسی ایجنڈے کے تحت آزادی مارچ کر رہے ہیں ہمارے کراچی امن مارچ کا مقصد کسی کو گرانا یا کسی کو کرسی پر بٹھانا نہیں، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے آئین کے آرٹیکل 239/4 کو ختم کرنے اور اس طرح نئے صوبوں کے قیام کے لئے صوبائی اسمبلیوں سے اختیارات چھین کر کلی طور پر پارلیمنٹ کو دینے کا جو ترمیمی بل پیش کر کے سندھ کی وحدت اور حاکمیت پر وار کیا ہے ہمارا مارچ اس کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کے لئے ہے، انہوں نے کہا کہ پی پی نے قومی اسمبلی میں بھی ایم کیو ایم کے ترمیمی بل کی مخالفت کی تھی سندھ اسمبلی میں بھی اس کے خلاف قرارداد منظور کرائی ہے جو خوش آئند ہے لیکن پی ٹی آئی نے اس کی حمایت کی تھی، 1973 کے آئین میں کچھ توازن ہیں جن میں نئے صوبوں کا صوبائی اسمبلیوں کو دینا بھی شامل ہے، اگر پی ٹی آئی کی قیادت وفاقی پارلیمانی نظام پر یقین رکھتی ہے تو امید ہے جب یہ بل دوبارہ قومی اسمبلی میں پیش ہو گا تو دیگر جماعتوں اس کے باضمیر ارکان قومی اسمبلی بھی اسے مسترد کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے جس میں ہم نے سندھی اردو بولنے والوں سمیت سندھ کے تمام مستقل باشندوں کو دعوت دی ہے، حیدرآباد میں اردو بولنے والے دانشوروں ادیبوں تاجر نمائندوں سے ہم نے ملاقاتیں کی ہیں اور کراچی میں سب سے رابطے کئے ہیں، امن مارچ کے دوران 9 روز میں ہم کراچی کے ہر علاقے میں جائیں گے اور اردو بولنے والوں سمیت سب سے ملیں گے اور انہیں ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے، انہوں نے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ الطاف مافیا اور ایم کیوایم کے چنگل سے نکلنے والے کراچی کے عوام کسی خوف میں زندگی گزاریں وہ بھی سندھی ہیں اس لئے سندھ کی وحدت اور سالمیت کیحق میں گورنر ہاس فوارہ چوک پر 3 نومبر کو کئے جانے والے ہمارے طاقت کے مظاہرے کا بھرپور حصہ بنیں، انہوں نے کہا کہ میں کسی سے اس کی جان اور خون نہیں مانگ رہا، مجھے یقین ہے کہ ہر سندھی مادر وطن سندھ کے لئے اپنا سب کچھ قربان کرسکتا ہے ابھی ہم صرف یہ چاہتے ہیں ایم کیو ایم اور اسلام آباد کو 3 نومبر کو لاکھوں سندھی جمع ہو کر بھرپور پیغام دیں کہ سندھ کی وحدت اور سالمیت پر حملہ باقابل قبول ہے ہمارے ابا اجداد نے سندھ جس طرح ہمارے حوالے کیا ہے قیامت تک اسے اسی طرح قائم رہنا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم کورنگی اورنگی عزیز آباد لالو کھیت ڈیفنس لیاری ہر علاقے میں جا کر اپنا پیغام پہنچائیں گے، اس موقع پر ایم کیو کا جو یار ہے غدار ہے اور ڈاکٹر قادر مگسی کے حق میں نعرے بازی بھی کی جاتی رہی، ایک موقع پر مہاجر بھاگ قادر مگسی آیا تو ڈاکٹر قادر مگسی نے ایسے نعرے لگانے سے روک دیا اور کہا کہ ایسے نعروں کا وقت اب نہیں رہا۔