Live Updates

نبی اکرم ؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کے تحت حل کر یں‘عثمان بزدار

آپؐؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا،حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ظلم اورناانصافی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے اراکین اسمبلی محبوب سلطان اور امیر سلطان کی ملاقات،عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنیوالے مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ ملیامیٹ ہو گیا، فیصلے کے اثرات مودی سرکار کو لے ڈوبیں گے‘وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار باٹا پور کے علاقے میں 2 گروپوں کے مابین فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس،آئی جی سے رپورٹ طلب،ملزمان کی گرفتاری کا حکم وزیر اعلیٰ عثمان بزدارکی نبی آخرالزماںحضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباد

ہفتہ 9 نومبر 2019 18:29

نبی اکرم ؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2019ء) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے نبی آخرالزماں حضرت محمدؐ کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر امت مسلمہ کو مبارکباددیتے ہوئے کہاہے کہ اللہ تعالیٰ نے نبی کریم حضرت محمدؐکو تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کر بھیجااور آپؐ کی زندگی کو مجسم قرآن قرار دیا گیا ہے جس میں امت کیلئے مکمل رہنمائی اور ہدایت موجود ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاکہ حضرت محمدؐ کا کردار اور تعلیمات پوری زندگی کا احاطہ کرتی ہیں۔ محسن انسانیت حضرت محمدؐ اپنے اعلیٰ کردار اور اسوہ حسنہ کے ذریعے دنیا کیلئے ایک مثال بنے اور حضوراکرمؐ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا۔

(جاری ہے)

نبی آخرالزماںؐ نے امن وآشتی، احترام انسانیت، مساوات، عفوودرگزراور عدل و انصاف کا درس دیا ۔

حضوراکرمؐ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم ،زیادتی،ناانصافی اوربدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ آپ ؐ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکرپاکستان کو درپیش تمام مسائل سے نجات دلا کرامن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔ رسولِ اکرمؐ کی سنت سے مسائل کا حل افہام و تفہیم اور مکالمے کے ذریعے نکالنے کا درس ملتا ہے۔ نبی اکرمؐ کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم اپنے اختلافات کو مفاہمتی حکمت عملی کی روشنی میں حل کر یں ۔

یہ دن امت مسلمہ کو قرآن و سنت کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل پیرا ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے اورہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ اپنی زندگیوں کو نبی آخرالزماں ؐکی تعلیمات کے مطابق بسر کریں گے۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کی کوتاہیوں کو معاف فرمائے اور ہمیں محسن انسانیت حضور اقدسؐ کی شفاعت نصیب فرمائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے اراکین قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد محبوب سلطان اور محمد امیر سلطان نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک برس کے دوران صوبے کی پائیدار ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے اورعوام کو ریلیف دینے کے لئے متعلقہ محکموں کو متحرک کیا گیاہے۔مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی جاری ہے۔مجھے سب سے زیادہ اپنے صوبے کے عوام کا مفاد عزیز ہے اور عوام کو مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے مافیا کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔

منتخب نمائندے بھی عوام کو ریلیف دینے کے لئے کئے جانے والے ا قدامات کی خود نگرانی کریں-ہم صرف عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں-انہوں نے کہا کہ سابق ادوار میں عوام کی بنیادی ضرورتوں کے منصوبوں کو نظر انداز کر کے مجرمانہ غفلت کی گئی اورایسے منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے جن کی کوئی ضرورت نہیں تھی-انہوں نے کہاکہ ہم نے انسانی ترقی پر وسائل خرچ کرنے کی نئی روایت ڈالی ہی- ہیومن ڈویلپمنٹ پر جتنی سرمایہ کاری کریں گے اتنے ہی اچھے نتائج سامنے آئیں گی- اراکین اسمبلی میرے دست وبازو ہیں-ان کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے اور کسی کو اراکین اسمبلی کے جائز کاموںمیں رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرتار پورراہداری کا منصوبہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا تاریخ ساز اقدام ہے اورکرتار پور راہداری حکومت پاکستان کا سکھ برادری کے لئے بے مثال تحفہ ہے - انہوں نے کہا کہ حکومت نے کرتار پور راہداری کے منصوبے کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا ہے - کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں آنے والی سکھ کمیونٹی کو خوش آمدید کہتے ہیں - انہوں نے کہا کہ دین اسلام اور پاکستان کے آئین میں اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ فراہم کیا گیا ہے - کرتارپورراہداری امن کا راستہ ہے اور امن کے اس راستے کو طے کرنے کا اعزاز پاکستان کے ہردلعزیز وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے - وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کا بابری مسجد کے بارے میں فیصلہ مسلمانوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

اس فیصلے سے انصاف کا قتل ہوا ہے اور مسلمانو ںکی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے کھلا پیغام دیا ہے کہ اس کی زمین پر مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ مودی سرکار اور انتہاپسند ہندوئوں نے دباؤ ڈال کر اپنے حق میں فیصلہ کرایا ہے اور اس فیصلے سے ہندوستان میں مقیم اقلیتیں مزید غیر محفوظ ہو گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت کے سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ ملیامیٹ ہو گیا ہے اور بھارتی عدالت کے فیصلے کے اثرات مودی سرکار کو لے ڈوبیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے باٹا پور کے علاقے میں 2 گروپوں کے مابین فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ملزمان کو جلد سے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے اور زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانو ںکے ضیاع پر دکھ اور افسو س کا اظہار کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات