انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں مقبوضہ کشمیر میں قتل عام کے واقعات کی تحقیقات کریں، سیدعلی گیلانی

بھارت عملی طورپر جموں وکشمیر کو کھو چکا ہے، پی چدمبرم

پیر 6 جنوری 2020 17:58

سری نگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جنوری2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سوپور قتل عام کے شہداء کوان کے 27ویںیوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زوردیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے کشمیریوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی دیگر سنگین پامالیوں کی تحقیقات کرائیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیو ں نے 6جنوری 1993ء کو سوپور قصبے میں 60سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور 400سے زائد مکانوں اور دکانوں کو نذر آتش کردیاتھا۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام کی داد رسی کیلئے اٹھ کھڑی ہوں جب نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتی حکومت جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل کرنے اور مسلمانوں کے قتل عام اور غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسانے کے ذریعے آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

سیدعلی گیلانی نے کہاکہ بھارت کی5اگست 2019ء کے یکطرفہ اورغیر قانونی اقدامات ان جرائم کے ثبوت ہیں۔انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیاکہ وہ حق خود رادیت سمیت مظلوم کشمیریوں کے تمام بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق جنرل سیکرٹری غلام نبی شاہین نے سرینگرمیں ایک میڈیا انٹرویو میں کہاہے کہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن اور خوشحالی کیلئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ۔

انہوںنے تمام غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوںکی رہائی اور خوف و ہراس کا ماحول ختم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ادھر مقبوضہ کشمیر میںشدید برفباری کے دوران وادی کشمیر اور جموںخطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں لوگوں کو مسلسل 155ویں روز بھی بدترین فوجی محاصرے اورلاک ڈائون کا سامنا رہا۔ دفعہ 144کے تحت نافذ سخت پابندیوںنے لوگوں کی آزادانہ نقل وحرکت کو تقریباًناممکن بنادیا ہے۔

بھارتی فورسز نے ضلع باہمولہ کے علاقے پلہالن میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی کی۔ فوجیوں نے شدید سردی میں لوگوںکو گھروں سے باہر آنے پر مجبورکردیااور گھر گھر تلاشی لی۔ بھارت کے سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم نے نئی دہلی میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارت عملی طور پر کشمیر کو کھوچکا ہے اورانہوںنے کہاکہ کوئی جمہوری ملک پوری آبادی کو محاصرے میں نہیں رکھ سکتا ۔ انہوں نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے جموں وکشمیر میں بنیادی تبدیلیاں کرکے آئین کی توہین کی ہے۔