وزیر اعظم عمران خان کا خالد مقبول صدیقی سے رابطہ

مستعفیٰ وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فوری اسلام آباد آنے کی ہدایت

Usama Ch اسامہ چوہدری پیر 13 جنوری 2020 20:40

وزیر اعظم عمران خان کا خالد مقبول صدیقی سے رابطہ
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین 13 جنوری 2020) : وزیر اعظم عمران خان کا خالد مقبول صدیقی سے رابطہ، مستعفیٰ وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فوری اسلام آباد آنے کی ہدایت، تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے خالد مقبول صدیقی سے رابطہ ہوا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے یہ ہدایت جاری کی گئی ہے کہ خالد مقبول صدیقی فوری طور پر اسلام آباد حاضر ہوں۔

اس سے قبل مستعفیٰ وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ وزارت میں جانا ہے یا نہیں یہ بات رابطہ کمیٹی طے کریگی۔ انھوں نے کہا کہ وزارت سے میرا نکلنا حتمی ہے، واپس وزارت میں نہیں جاؤنگا کیونکہ پارٹی کو میری ضرورت ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ہم نے حکومت نہیں چھوڑی میں صرف وزارت سے نکلا ہوں، فروغ نسیم پی ٹی آئی کے کوٹے پر وزیر بنائے گئے، حکومت کو قابل وزیر کی ضرورت تھی، ہم سے دو وزارتوں کی بات ہوئی تھی، فروغ نسیم والی وزارت کی بات نہیں ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

انکا مزید کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں بھی اکثریت والی جماعت کا ساتھ دیا تھا، وزارت سے استعفیٰ اچانک نہیں دیا تھا۔ واضع رہے کہ وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی کا وفاقی کابینہ سے علیحدگی کا اعلان سامنے آیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے، فروغ نسیم کابینہ کا حصہ رہیں گے، بلاول کی آفر کا اس علیحدگی سے کوئی تعلق نہیں، حکومت کے ساتھ تعاون کو جاری رکھیں گے۔

انھوں نے کہا تھا کہ میرے لیے مشکل ہےکہ میں کابینہ میں بیٹھوں اور عوام پریشان ہوں، کابینہ سے دستبردار ہو جائینگے لیکن حکومت سے تعاون کو جاری رکھیں گے، میرے وزارت میں بیٹھنے سے کراچی کی عوام کو فائدہ نہیں ہو رہا۔ انکا کہنا تھا کہ ملک میں انصاف کے فروغ کے لیے فروغ نسیم جیسے لوگوں کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایا تھا کہ ہم نے حکومت کے سامنے عوامی مسائل رکھے جو کہ کاغذات تک محدود رہے، میرا کابینہ میں بیٹھنا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے، گزشتہ دنوں سے کہں اور سے بھی وزارتوں کی بات ہوئی تھی، اس وقت ایم کیو ایم نئے مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔