چھوٹے لوکل روٹس پر ٹرینیں چلانے کی بجائے وزیرآباد جیسے اسٹیشن پر تمام ٹرینوں کا سٹاپ دیا ہے: شیخ رشید احمد

بلاول سے کوئی صلح نہیں سی ایم سندھ سے خاص کام سے ملا تھا

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 28 فروری 2020 20:13

چھوٹے لوکل روٹس پر ٹرینیں چلانے کی بجائے وزیرآباد جیسے اسٹیشن پر تمام ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 فروری2020ء،نمائندہ خصوصی،سید ذکراللہ حسنی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ چھوٹے لوکل روٹس پر ٹرینیں چلانے کی بجائے وزیرآباد جیسے اسٹیشن پر تمام ٹرینوں کا سٹاپ دیا ہے۔ بلاول سے کوئی صلح نہیں سی ایم سندھ سے خاص کام سے ملا تھا۔ مولانا فضل الرحمن اکیلیے رہ جائیں گے۔ ن لیگ اور پی پی میری دو جیبوں میں ہیں۔

ایک سال کے عرصے میں مکمل ہونے والی فیصل آباد ڈرائی پورٹ کی کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کوتین ماہ میں تقریباً ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔فی الحال روز کوئلے کی ایک ٹرین چلے گی اور ہماری فیصل آباد ڈرائی پورٹ کے لیے چار سے پانچ عدد مال گاڑیاں روزانہ چلانے کی صلاحیت ہے۔ 2020 ریلوے میں فریٹ اور لینڈ کا سال ہے ایم ایل ون سے ایک لاکھ لوگوں کو نوکریاں دیں گے جبکہ حکومت عمران خان کی قیادت میں غریب و متوسط طبقہ کی حالت سنوارنے کےلئے کوشاں ہیں اور عمران خان کو مہنگائی اور غریب افراد کی مشکلات کا علم ہے لیکن جن حالات میں اقتدار ملا اگر مشکل فیصلے نہ کرتے تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔

(جاری ہے)

مزید برآں عوام کو ےوٹیلیٹی سٹورز سمیت دیگر ذرائع سے بھر پور ریلیف دینے کےلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنوئیر بیلٹ کی افتتاحی تقریبمیں میڈیا سے گفتگو اور نمائندہ اردوپوائنٹ سے خصوصی گفتگو کے دوران وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد نے کہا کہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب انتہائی محنتی اور باصلاحیت نوجوان ہیں جن کی کوششوں سے فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنویئر بیلٹ کا منصوبہ مکمل کیا گیا ہے۔

پاکستان ریلوے 5دیگر بڑے شہروں میں بھی جلد کنویئر بیلٹس کے منصوبہ کا آغاز کرےگا جس سے ریلوے کی آمدنی بھی بڑھے گی۔انہوںنے کہا کہ جہاں پرانی ٹرینوں اور خستہ روٹس کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے وہیں نئی ٹرینیں بھی چلانے کےلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے جس کی وجہ سے جلد پاکستان ریلوے اپنی معیاری خدمات کی وجہ سے منافع حاصل کرنے لگے گا۔

انہوںنے کہا کہ چیئر مین ریلوے کی خدمات بھی قابل تحسین ہیں جن کی کوششوں سے کنویئر بیلٹ کا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا ہے جس سے صنعتی ، کاروباری، تاجربرادری کو سامان کی نقل و حمل میں مزید آسانی ہو گی۔کوروناوائرس کے حوالے سے انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان کی جانب سے اس ضمن میں تمام اقدامات مکمل ہیں لہٰذا عوام کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت نہیں جبکہ وہ جانتے ہیں کہ پاکستانی ایک صحت مند اور توانا قوم ہیں اس لئے انہیں کور وناوائرس سے کوئی خوف نہیں جس کا ثبوت آج فیصل آباد میں ہزاروں لوگوں کو گھومتے پھرتے اور کام کرتے دیکھا ہے جن میں سے کسی ایک شخص نے بھی ماسک نہیں پہنا ہوا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت ماسک ےا حفاظتی اقدامات کے حوالے سے دیگر متعلقہ اشیاءکے نرخ نہیں بڑھنے دے گی تاہم شہریوں کو بھی بلا وجہ ماسک لگانے کی ضرورت نہیں لیکن صرف وہی شخص ماسک لگائے جسے یہ وائرس ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ نواز شریف واپس نہیں آسکتے تاہم اس ضمن میں میڈیا ڈیل کہے ےا ڈھیل اس سے اب کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ عمران خان کا مشن کچھ اور ہے مگر اس کے باوجود وہ دعوے سے کہہ سکتے ہیں کہ جتنی مرضی تحریکوں کی دھمکیاں دے دی جائیں کوئی عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔

بھارتی صورتحال کے حوالے سے وفاقی وزیر ریلوےز شیخ رشید احمد نے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی سرکار نے پورے ہندوستان کو کشمیر بنا کر رکھ دیا ہے ےہی وجہ ہے کہ ےو پی ، سی پی ، کانپور ہو ےا دلی ہر طرف مقبوضہ کشمیر جیسی صورتحال ہے جہاں مسلمان راتوں کو جاگ کر اپنی جانوں کی حفاظت کر رہے ہیں لہٰذا اقوام عالم کو اب اپنی بند آنکھیں کھولنی چاہئیں اور امریکہ سمیت اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی طاقتوں کو اپنا فوری مﺅثر کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ اگر لبرل ریاست کے دعویدار مودی نے بھارت کو ہندوریاست بنانے کا منصوبہ ترک نہ کیا تو دنیا بھر میں مسلم اور غیر مسلم کے درمیان فاصلے بڑھیں گے اور اختلافات کی خلیج وسیع ہو گی جس سے دنیا کاامن خراب ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہاکہ جس طرح مساجد پر حملے کر کے مساجد اور وہاں موجود قرآنی نسخوں کو آگ لگا کر شہید کیا جا رہا ہے اس سے دنیا بھر کے مسلمانوں میں بھارتیوں کےلئے نفرت بڑھ رہی ہے اور ےہ اقدام کسی صورت پاکستان سمیت کسی مسلم ملک کےلئے قابل برداشت نہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ اس سلسلہ میں جلد کوئی مناسب حکمت عملی اختیار کرے گا بصورت دیگر انارکی مزید بڑھنے سے دنیا اس سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکے گی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ حکومت ملک کو معاشی استحکام ،اقتصادی مضبوطی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کےلئے دن رات جدو جہد کر رہی ہے جس کے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیںگے۔ قبل ازیں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے فرخ حبیب نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے نیا پاکستان بنایا تو شیخ رشید احمد نے نئی ریلوے بنائی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب شیخ رشید احمد کو وفاقی وزیر ریلوے کا قلمدان سونپا گیا اس وقت ریلوے 40ارب روپے کے خسارے میں تھی لیکن چند ماہ کے دوران اس خسارے میں 4ارب روپے کی کمی لائی گئی ہے اور ایسے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جن سے ےہ خسارہ جلد نہ صرف کم بلکہ ختم ہو جائے گا۔

انہو ں نے کہا کہ ایم ایل ون سے ریلوے کی تاریخ میں بڑا انقلاب آئے گا آج سے 150 سال پہلے انگریز نے یہ لائن بچھائی تھی اُس کے بعد یہ سب سے بڑا پراجیکٹ ہے۔ انہوںنے کہاکہ شیخ رشید نے نئے ویژن کے ساتھ پسنجراور فریٹ ٹرینوں کی تعداد میں نہ صرف اضافہ کیا بلکہ خستہ حال بوگیوں کی مرمت و تزئین و آرائش اور تباہ حال ٹریکس کی مرمت بھی کی گئی ہے۔انہوںنے کہاکہ سٹیل مل اور پی آئی اے جیسے اداروں کو سیاسی مداخلت سے سفید ہاتھی بنا دیا گیا لیکن حکومت ان کی بحالی کےلئے بھی کوشاں ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمار ا عزم ہے کہ ریلوے کو زیادہ سے زیادہ ترقی دی جائے کیونکہ جب ریل کا پہیہ چلے گا تو ملکی معیشت بھی رواں دواں ہو گی۔میاں فرخ حبیب نے کہاکہ ڈرائی پورٹ پر پول ٹرمینل کی تعمیر اور کنویئر بیلٹ کی تنصیب بارش کا پہلا قطرہ ہے جس کے بعد ریلوے مزید کامےابیاں بھی سمیٹے گی۔انہوںنے کہاکہ جب موجودہ حکومت کو ریلوے ملی تو ملازمین کو تنخواہیں دینے کے پیسے بھی نہ تھے لیکن اب ریلوے کے خسارہ میں کمی اور ریونیو میںاضافہ ہوا ہے ۔ اس موقع پر انتظامیہ کے اعلیٰ حکام اور ارکان پارلیمنٹ سمیت صنعتی ، کاروباری ، تجارتی برادری کے اعلیٰ ممبران کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔