کرونا کی وباء کے بعد شریعت کے احکامات کی روشنی میں علماء کرام ،مشائخ نے عوام میں شعور و آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، سردار مسعود خان

آزا دکشمیر کے علماء کرام ، مشائخ عظام ، پیران طریقت ،تمام مذہبی مکاتب فکر حکومت اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر قرآن اور سنت کی روشنی میں جو فریضہ انجام دے رہے ہیں اُس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں،صدآزاد جموں و کشمیر پاکستان مین کرونا کے پھیلنے کے بعد ملکی سیاسی جماعتوں ، مذہبی رہنمائوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جس مثالی یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ اہل کشمیر کے لیے بھی حوصلہ کا باعث ہے ،مفتی کفایت حسین نقوی

جمعرات 26 مارچ 2020 20:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2020ء) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے بعد مساجد میں نماز جمعہ ، نماز جنازہ ، اجتماعات اور دیگر سماجی تقریبات کے حوالے سے شریعت کے احکامات کی روشنی میں علماء کرام اور مشائخ عظام نے عوام الناس میں شعور اور آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

جبکہ عوام نے بھی حکومت اور ماہرین طب کی ہدایات پر جس مثبت رد عمل کا اظہار کیا وہ نہایت حوصلہ افزا ہے ۔ یہ بات اُنہوں نے جمعرات کے روز مظفرآباسے ویڈیو لنک کے ذریعے ایوان صدر اسلام آباد ، چاروں صوبوں ، وفاقی دارلحکومت اور گلگت بلتستان کے علماء اور مشائخ کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ویڈیو کانفرنس سے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وفاقی وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی مولانا نور الحق قادری ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، گورنر سندھ عمران اسماعیل ، گورنر بلوچستان ، گورنر گلگت بلتستان اور ملک بھر کے جید علماء کرائم اور مشائخ عظام نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

آزاد کشمیر سے کانفرنس سے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مفتی کفایت حسین نقوی اور جمعیت اہل حدیث کے سیکرٹری جنرل مولانا دانیال شہاب مدنی نے خطاب کیا جبکہ جمعیت علماء اسلام آزاد کشمیر کے سربراہ مولانا سعید یوسف علالت کے باعث اور مولانا حافظ طارق محمود لاک ڈائون کی وجہ سے مظفرآباد نہ پہنچ سکے ۔ صدر آزاد کشمیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اللہ تبارک تعالیٰ پر کامل یقین اور اس بات پر پورا اعتماد رکھتے ہیں کہ اُنہیں کرونا کی وبا کے خلا ف جدوجہد میں ضروری کامیابی ملے گی ۔

آزا دکشمیر کے علماء کرام ، مشائخ عظام ، پیران طریقت اور تمام مذہبی مکاتب فکر حکومت اور ڈاکٹروں کی ہدایت پر قرآن اور سنت کی روشنی میں جو فریضہ انجام دے رہے ہیں اُس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے علماء کرام زکواة ،خیرات، صدقات اور عطیات کے ذریعے لوگوں کو ایسے افراد کی معاشی کفالت کی ترغیب دے رہے ہیں جو اس وبا کے بعد لاک ڈائون کے نتیجے میں متاثر ہوئے ہیں ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مثالی بین المسالک ہم آہنگی موجود ہے اور ریاست کے پڑھے لکھے اور با شعور عوام حکومت ، قانون نافذ کرنے والے اداروں ، حکومت پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے علاوہ عوام کو کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ماہرین طب کی ہدایات اور اسلامی تعلیمات کی روشنی میں رہنمائی کر رہے ہی۔

اُنہوں نے کہا کہ آزاد علاقے کے لوگ دین پر چلنے والے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ آزمائش اللہ کی طرف سے ہے اور صرف اللہ تبارک تعالیٰ کی ذات ہی اُنہیں اس ازمائش میں سرخرو اور اس وبا سے نجات دلا سکتی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے علماء مشائخ کانفرنس منعقد کرنے پر اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملک بھر کے علماء کرام سے بالعموم اور آزاد کشمیر کے علماء کرام سے بالخصوص اس بات کی اپیل کی کہ وہ کرونا کی وجہ سے مایوس اور خوف کے اس ماحول میں عوام کی رہنمائی کریںاور اُنہیں قرآن و سنت کی روشنی میں صحت و صفائی اور حفظان صحت کے زریں اُصولوں سے آگاہ کریں ۔

صدر آزاد کشمیر نے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے کانفرنس میں خصوصی دعا کرنے پر بھی اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات ماہ سے لاک ڈائون میں ہیں اور اب وہ کرونا کی وبا کا سامنا کر رہے ہیں۔ ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مفتی کفایت حسین نقوی نے کہا کہ پاکستان مین کرونا وبا کے پھیلنے کے بعد ملک کی سیاسی جماعتوں ، مذہبی رہنمائوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے جس مثالی یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا وہ اہل کشمیر کے لیے بھی حوصلہ کا باعث ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلکی ہم آہنگی کی ایک فضا موجود ہے اور تمام مکاتب فکر کے علماء ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھتے ہیں اور ہمارا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ اپنی جان بھی بچائیں گئے اور عوام کی جان بھی بچائیں گے اور حکومت اور ماہرین صحت کی ہدایات پر مکمل عمل کرنے کے ساتھ ساتھ عوام الناس کو بھی تلقین کریں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیری کرونے کے وبا سے بھی لڑ رہے ہیں اور مودی جیسے لعنتی مرض کا بھی پوری جرات اور ہمت سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں کرونا مرض سے مقابلہ کی جدوجہد میں مساجد اور مدارس کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت اہلحدیث آزاد کشمیر کے سربراہ اور نوجوان عالم دین دانیال شہاب مدنی نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت کی بہترین حکمت عملی اور اس مرض سے لڑنے کے لیے حکومت اور عوام کی سوچ میں ہم آہنگی کا نتیجہ ہے آزاد کشمیر میں کرونا کا ابھی تک صرف ایک مریض ہے اور یہ وبا ابھی تک بڑے پیمانے پر نہیں پھیلی ، اُنہوں نے آزاد کشمیر کی حکومت کے اس فیصلہ کی بھی زبردست تعریف کی جس کے تحت آزاد کشمیر میں پاکستان سے داخل ہونے والوں کی سکریننگ کرنے کے بعد اجازت دی جارہی ہے ۔

مولانا دانیال شہاب مدنی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان دھرنے کے بجائے حکومت اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کرونا کے خلاف تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اللہ رب العزت سے توبہ استغفار کے ذریعے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں۔