محمد فاروق حیدر کی قیادت میں قائم حکومت نے کرونا وائرس کیخلاف جتنے حفاظتی اقدامات کیے ہیں وہ سنہری حروف میں لکھے جائینگے، سلطان ثاقب راجہ

پوری دنیا طاقت کے باوجود مہلک وباء سے نمٹنے میں ناکام رہی مگر وزیراعظم کی دور اندیشی سے سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بروقت تعطیلات کر کے وباء سے آزادکشمیر کی عوام کو محفوظ رکھا گیا،نائب صدر (ن) لیگ یوتھ ونگ

پیر 30 مارچ 2020 21:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2020ء) پاکستان مسلم لیگ (ن )یوتھ ونگ کے نائب صدر سلطان ثاقب راجہ نے کہا کہ آزادکشمیر میں وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی قیادت میں قائم حکومت نے کرونا وائرس کے خلاف جتنے حفاظتی اقدامات کیے ہیں وہ سنہری حروف میں لکھے جائیں گے انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا اپنی پوری طاقت کے باوجود اس مہلک وبا سے نمٹنے میں ناکام رہی مگر وزیراعظم کی دور اندیشی کی وجہ سے سکولوں ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں بروقت تعطیلات کر کے اس وبا سے آزادکشمیر کی عوام کو محفوظ رکھا گیا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ شہریوں کو اس سلسلہ میں محکمہ صحت کی جانب سے جاری کی جانے والی حفاظتی ہدایات پر عمل پیرا ہونا ہو گا کیونکہ اس مہلک وبا سے جہاں پوری دنیا متاثر ہے اور دنیا کے سپر پاور بھی اس کے آگے گھٹنوں کے بل بیٹھ گے ہیں وہاں پوری دنیا کی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ۔

(جاری ہے)

عوام کو چاہیے کہ انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اپنے اپنے گھروں میں رہ کر فرائض ایمانی سر انجام دیتے رہیں ۔سلطان ثاقب نے مزید کہا کہ دنیا مکافات عمل ہے کچھ عرصہ پہلے ہمارے وزیراعظم نے پوری دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائی ،بھارتی افواج کے مظالم کا تذکرہ کرتے کرتے وزیراعظم کی آنکھوں میں آنسوجاری ہو گے جسے پوری دنیا نے مذاق سمجھا مگر اب پوری دنیا کے وزرائے اعظم اپنی اپنی عوام کے لیے رورہے ہیں ۔

اس وقت اقوام عالم کرونا وائرس سے بچنے کے لیے اقدامات کر رہی ہیں مگر مظالم کی داستانیں رقم کرنے والے بھارت نے کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر دنیا کرونا وائرس سے بچنا چاہتی ہے تو گزشتہ آٹھ ماہ کے کرفیو کو فوری ختم کر کے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے ۔