مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے، بیرسٹر سلطان محمود

جمعہ 3 اپریل 2020 21:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2020ء) پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈومیسائل کے قانون میں تبدیلی کو کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف قراردیا ہے۔جمعہ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے پانچ اگست کے اقدام کے بعد کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کے جس منصوبے کا آغار کیا تھا ڈومیسائل قانون میں تبدیلی اسی منصوبے کی ایک کڑی ہے۔

بیرسٹر سلطان محمود نے کہا کہ کشمیریوں کو کلاس چہارم کی ملازمتوں تک محدود کرکے انہیں روزگار سے محروم کرنے کی سازش کی گئی ہے۔ بھارتی حکومت کی شہ پر اب رفتہ رفتہ ایک سازش کے تحت غیر ریاستی افراد جموں وکشمیر کے وسائل پر قبضہ کریں گے اور کشمیریوں کی زمینیں ہتھیانے میں یہ قانون انہیں سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف دیگر سیاسی جماعتوں کے اشتراک سے اس قانون کی ہر سطح پر مخالفت کرے گی اور بھارت کے اس ظالمانہ اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی صورت میں باہر سے آنے والے لوگوں کو زمین فروخت نہ کریں اور بھارتی حکومت اور اس کی کٹھ پتلیوں کے جھانسے میں کسی بھی صورت میں نہ آئیں۔ یہ کشمیریوں کے دشمن ہیں اور انہیں بے اختیار اور مفلس بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔بیرسٹر سلطان نے وزیراعظم عمران خان اور وزیرخارجہ شاہ محمود سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اقوام متحدہ اور او آئی سی کے ذریعے دنیا کی توجہ اس مسئلہ کی طرف مبذول کر وائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کو ایک اور فلسطینی طرز کی ریاست میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اسے المیہ کو رونما ہونے سے روکنے کے لیے بین الاقوامی قوانین کے ماہرین کی مدد سے عالمی فورمز کو استعمال کیا جائے۔ بیرسٹر سلطان نے کہا کہ بھارت نے کرونا وائرس کے موقع پرڈومیسائل کے قانون میں اس لیے تبدیلی کی تاکہ عالمی سطح پر اس کے خلاف کوئی صدا احتجاج بلند نہ ہو۔

علاوہ ازیں حریت کانفرنس کے تمام اہم رہنمابھی اپنے ہزاروں حامیوں کے ساتھ زیرحراست ہیں۔ لیکن دنیا بھر میں مقیم کشمیر،ریاستی تشخص کے اس اہم اور نازک معاملے خاموش نہیں بیھٹیں گے اور صدائے احتجاج بلند کریں گے۔انہوں نیکہا کہ تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کے اس وار کی بھر پور مذمت کرتی ہے اور عالمی برادری سے اپیل کرتی ہے کہ وہ بھارتی جبر و استبداد کے خلاف کردار ادا کرے۔