حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں‘عارف علوی

ٹیلی میڈیسن کا بہت پرانا معترف ہوں فون کے ذریعے دنیا میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام کامیابی سے کام کر رہا ہے اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے حکومت، ادارے اور عوام مل کر جس طرح کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں ہم اس مشکل سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے‘صدر مملکت

بدھ 8 اپریل 2020 21:11

حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2020ء) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں،ٹیلی میڈیسن کا بہت پرانا معترف ہوں فون کے ذریعے دنیا میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام کامیابی سے کام کر رہا ہے اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے اور پاکستان میں بھی اس سے موجودہ صورتحال کے اندر اور اس کے بعد بھی بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، اس کی ہمارے معاشرے میں اشد ضرورت ہے۔

حکومت، ادارے اور عوام مل کر جس طرح کورونا وائرس اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں اس کے نتیجہ میں ہم اس مشکل سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے، قومیں اس طرح کی صورتحال سے سیکھتی ہیں، جو وبا آئی کوئی بھی ملک اس کے مقابلہ کیلئے تیار نہیں تھا۔

(جاری ہے)

صحت کے شعبے، طبی عملے، پولیس، فوج، رینجرز اور علما سمیت تمام کی اس ضمن میں کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

وہ بدھ کے روز دورہ لاہور کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے گور نر ہائوس لاہور میں ملاقات ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور میں ٹیلی میڈیسن سروس کے افتتاح اور سول سیکرٹریٹ کے دربار ہال میں کووڈ 19روک تھام، تخفیف اور کنٹرول سے متعلق اجلاس کی صدارت اور گور نر ہائوس لاہور میں انصاف ٹائیگرفورس کے حوالے سے تقریب سے خطاب کررہے تھے جبکہ اس موقعہ پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال اور فیاض الحسن چوہان'تحر یک انصاف کے چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی ، پنجاب کے چیف سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان، آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان صاحبان نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میںصدر مملکت کو محکمہ صحت سمیت مختلف محکموں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں کورونا وائرس کا پھیلا، تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل، لاک ڈان اور چھوٹ، ہیٹ میپنگ، سی ایم انصاف امداد پروگرام اور حکومت پنجاب کی جانب سے اب تک اٹھائے گئے دیگر تمام اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے تحقیق کے شعبہ میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے نجی شعبہ کے ساتھ اشتراک کو سراہا گور نر ہائوس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو انصاف ٹائیگر فورس اور کورونا ٹیلی میڈیسن سنٹرز کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سول سیکرٹر یٹ میں اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت پوری قوم اور ادارے کورونا وائرس کی وبا سے نجات کے لئے جنگی بنیادوں پر مشترکہ کوششیں کررہے ہیں انہوں نے ضرورت مند اور مستحق خاندانوں کو راشن کی فوری فراہمی اور مالی مدد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وبا کی وجہ سے لوگوں کے آمدنی کے ذرائع بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

صدر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صنعتی اکائیوں کے مالکان کو حکومتی ایس او پیز کا پابند بنایا جائے تاکہ وہ اپنے مزدوروں کو کورونا وائرس کی وبا سے بچائیں، صنعتی مزدوروں کو شناختی پاس بھی جاری کیے جائیں تاکہ ان کو دفعہ 144 کے دوران گھر سے صنعت اور صنعت سے گھر جاتے ہوئے کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں متعدی بیماریوں کی روک تھام کیلئے کنٹرول آرڈیننس 2020 جاری کیا گیا ہے اس لئے پہلے سے موجود دیگر تمام قوانین کو ضم کیا جانا چاہئے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کے وینٹیلیٹرزکے ساتھ ساتھ ہائیڈرو ایکسکلوروکین کے مطالبہ کے جواب میں صدر مملکت نے کہا کہ وزارت سائنس وٹیکنالوجی اور کچھ دیگر مقامی اداروں نے بھی وینٹیلیٹر تیار کرلئے ہیں جو جانچ پڑتال کے عمل میں ہیں اور ان کی منظوری کے بعد ان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ہائیڈرو ایکسکلوروکین کے لئے ترکی سے رابطہ کیا ہے جیسے ہی یہ پاکستان پہنچے گی پنجاب کو بھی فراہم کردی جائے گی۔

اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیوروکریسی، پولیس، محکمہ صحت، ڈاکٹروں، پیرا میڈیکس اور کورونا وبائی امراض کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے دیگر تمام اداروں کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے غریب خاندانوں کو جلد راشن کی فراہمی اور مالی مدد کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے صدر مملکت کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے 13 جنوری 2020 کو محکمہ صحت کو 236 ملین روپے اور حال ہی میں 14 ملین روپے کی ایک اور گرانٹ جاری کی جبکہ پی ڈی ایم اے نے بھی مجموعی طور پر 2.3 بلین روپے جاری کیے۔

کورونا وائرس کی وبا کا مقابلہ کرنے کے لئے تمام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو اربوں روپے جاری کئے۔ اسی طرح حکومت پنجاب نے بھی دس ہزار ڈاکٹروں کی بھرتی کے لئے منظوری دی تاکہ خوفناک وائرس سے موثر انداز میں مقابلہ کیا جاسکے جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں تقریب سے خطاب کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایسی تحقیق پر توجہ دی جائے جو محض تصورات تک محدود نہ ہو بلکہ عملی سطح پر معاشرے کیلئے بھی سودمند ہو اور اس سے آمدن کے مواقع بھی پیدا ہوں، تحقیق کیلئے نجی اور سرکاری شعبہ میں اشتراک کار کیا جائے کیونکہ یونیورسٹیوں کے پاس کسی بھی تحقیق کو مارکیٹ کرنے کیلئے وسائل کی کمی ہوتی ہے۔

انہوں نے اس ضمن میں تعاون کرنے والی کمپنیوں اور خواتین چیمبر آف کامرس کے تعاون کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹی ساڑھے پانچ سو مریضوں پر ادویات کے استعمال کے حوالہ سے جو تحقیق کر رہی ہے اس سے وبا کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی اور مریض استفادہ کر سکیں گے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وہ ٹیلی میڈیسن کے بہت پرانے معترف ہیں اور 8 سال سے کراچی میں امن ٹیلی ہیلتھ اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے، فون کے ذریعے دنیا میں بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی کا نظام کامیابی سے کام کر رہا ہے، اس کا دائرہ وسیع کیا جا سکتا ہے اور پاکستان میں بھی اس سے موجودہ صورتحال کے اندر اور اس کے بعد بھی بھرپور طریقے سے استفادہ کیا جا سکتا ہے، اس کی ہمارے معاشرے میں اشد ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ جو وبا اس وقت پھیلی ہوئی ہے دنیا اس کیلئے تیار نہیں تھی، یہ اچانک آئی ہے، ساری دنیا اس کا مقابلہ کرنے کیلئے سوچ و بچار کر رہی ہے، پاکستان میں صحت کے شعبہ سے وابستہ افراد، ڈاکٹرز، طبی عملہ، انتظامیہ، پولیس، فوج اور رینجرز نے جس طرح صورتحال میں اپنا کردار ادا کیا وہ قابل تعریف ہے، علما نے بھی جس طرح سائنسی لحاظ سے ضروری اقدامات پر عمل کرتے ہوئے باجماعت نمازوں کو محدود کیا اور اپنا کردار ادا کیا اس پر ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے وزیراعلی اور پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ جس طرح سب ادارے اور نجی و سرکاری شعبہ کام کر رہے ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو وبا سے بچانے کیلئے جو پیغامات دیئے جا رہے ہیں عوام ان پر عمل کریں۔ صدر مملکت نے کہا کہ میں نے بہت شروع میں وبا سے بچا کیلئے احادیث اور تعلیمات نبوی پر عمل کی ضرورت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مساجد کا اس صورتحال میں اہم کردار ہے، ٹیلی میڈیسن سمیت عام آدمی تک ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اور ریلیف ٹائیگرز فورس کا قیام خوش آئند ہے، قومیں اس طرح کی صورتحال سے سیکھتی ہیں جس طرح کے اقدامات حکومت، ادارے اور عوام مل کر کر رہے ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ ہم صورتحال کا بہتر طریقے سے مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی موجود تھے جبکہ بعدازں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بدھ کے روز اپنے ایک روز ہ دورہ لاہور کے دوران ونگ کمانڈر نعمان اکرم شہید کے گھر گئے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور بھی ان کے ہمراہ تھے اس موقع پر صدر مملکت اور گورنر پنجاب نے شہید ونگ کمانڈر کے بلندی درجات کیلئے دعا کی۔