مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے ایک نوجوان کو شہید کر دیا،حریت رہنمائوں کی انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت

بدھ 13 مئی 2020 17:39

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2020ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوان بدھ کو ضلع بڈگام میں ایک نوجوان کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے ضلع کے علاقے نارہ بل میں کاسہ کے قریب معراج الدین شاہ نامی ایک نوجوان کو اس وقت گولیاں ما رکر شہید کر دیا جب وہ اپنی گاڑی میں جار ہا تھا۔

شہید نوجوان بڈگام کے علاقے مکہامہ بیروہ کا رہائشی تھا۔ قابض بھارتی فوجیوں نے کپواڑہ، بڈگام ، اسلام آباد، شوپیاں، کولگام، کشتواڑ ، سامنا ، کٹھوعہ ، راجوری، پونچھ اور دیگر علاقوں میں گھر گھر تلاشیوں کا سلسلہ جار ی رکھا۔ دریں اثنا قابض بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے جمعہ کے روز سے ضلع بڈگام کے علاقے نصراللہ پورہ میں خوف ودہشت کی بدترین لہر شروع کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز اہلکار نصراللہ پورہ میں آدھمکتے ہیں ، لوگوں کو مارپیٹ کا نشانہ بناتے ہیں ، انہیں گرفتار کرتے ہیں اورانکی املاک کو نقصان پہنچا تے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کی بعض رپوٹس میں کہا گیا ہے کہ فوجیوںاور پولیس اہلکاروں نے اب تک گائوں میں27 دکانوں کو لوٹ لیا ، گھریلوں سامان کی توڑ پھوڑ کی، 162 گاڑیوں اور 42 عمارتوں کو نقصان پہنچا یاجبکہ 800 گھروں کی کھڑکیوں کے شیشے توڑ دیے۔

ادھر نصراللہ پورہ میں بھارتی مظالم کے پس منظر میں کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے بدھ کو جاری کی جانیوالی ایک تجزیاتی رپورٹ میںکہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی زندگیاں اور املاک محفوظ نہیںہیں جس کی وجہ بھارتی فوج اور پولیس کی بڑی تعداد میں موجودگی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989 سے رواں سال 30 اپریل تک 95ہزار 5سو 48کشمیریوں کو شہید کرنے کے علاوہ 1لاکھ9ہزار 5سو6 مکانات تباہ کیے۔

حریت رہنمائوںغلام محمد خان سوپوری ،شبیر احمد ڈار ، بلال صدیقی، خواجہ فردوس، فاروق احمد توحیدی اور غلام احمد آزاد نے اپنے الگ الگ بیانات میں ریاض احمد نائیکو اور دیگر کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ظلم و تشدد میں اضافے کی مذمت کی۔ انہوںنے عالمی برداری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف بھارتی فورسز کے جرائم رکوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں شبیر احمد شاہ اور الطاف احمد شاہ کی بیٹیوں نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہاہے کہ جیلوں میں غیرقانونی طورپر نظربند علیل رہنمائوں کو غیر انسانی سلوک کا نشانہ بنایا جارہاہے۔ شبیر شاہ کی بیٹی سحر شاہ نے کہاکہ جیل میں انکے والد پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے ان کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔

الطاف احمد شاہ کی بیٹی شاہ رواء (Ruwa Shah) نے کہاکہ انکے والد کو نئی دلی کی تہاڑ جیل میں علاج معالجے کی مناسب سہولت سے محروم رکھا جارہا ہے۔ دریں اثناء ملائیشیاکی اسلامی تنظیموں کی مشاورتی کونسل کے صدر محمدعظمی عبدالحامد نے کوالامپور میں جاری ایک بیان میں اقوام متحدہ پر زوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی طرف سے انٹرنیٹ کی معطلی پر بیانات جاری کرنے کی بجائے عملی اقدامات کرے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس کی معطلی کیلئے کورونا وائر س کی وبا کوبنیاد بنا رہا ہے۔