اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزہ کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر، فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے، کل جماعتی حریت کانفرنس کا مطالبہ

مبصر مشن کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت پیش کی

بدھ 20 مئی 2020 13:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے جائزہ کیلئے خصوصی نمائندہ مقرر کرے، جموں و کشمیر کے تنازعہ کے حل کیلئے سلامتی کونسل کی قرادادوں پر عملدرآمد کیا جائے، کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے جائزہ کیلئے فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجا جائے۔

بدھ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام مظاہرہ کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نام یادداشت مبصر مشن کو پیش کی گئی جس میں بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی کوششیں روکے، مقبوضہ کشمیر میں عوام کے ساتھ کووڈ۔19 کی روک تھام کیلئے تمیز برتنے سے اجتناب کرے اور انہیں طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

بھارت سے کہا گیا ہے کہ وہ کالے قوانین کا خاتمہ اور غیر ریاستی باشندوں کو اراضی کی منتقلی کا قانون ختم کرے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافت پر قدغنوں اورصحافیوں کو ان کی پیشہ وارانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی پر جیلوں میں ڈالنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک جرم قرار دیا گیا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پوری دنیا کورونا وائرس سے لڑ رہی ہے لیکن بھارتی افواج لائن آف کنٹرول پر سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

کشمیر میں لوگوں کو گرفتار کر نامعلوم مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ جعلی مقابلے اور گرفتار لوگوں کو ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، یہ اقدام اقوام متحدہ کی فوری توجہ کے منتظر ہیں۔ قرارداد میں کل جماعتی حریت لیڈروں، سیاسی قیدیوں، وکلا، سماجی و انسانی حقوق کے کارکنوں اور دیگر گرفتار نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔