پشاور ائیرپورٹ سے سعودی عرب اور دیگر ممالک کیلئے پروازوں کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی گئیں

باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجلاس طلب کر لیا

جمعہ 29 مئی 2020 23:29

پشاور ائیرپورٹ سے سعودی عرب اور دیگر ممالک کیلئے پروازوں کے آغاز کی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی2020ء) پشاور ائیرپورٹ سے سعودی عرب اور دیگر ممالک کیلئے پروازوں کے آغاز کی تیاریاں شروع کر دی گئیں، باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کیلئے سول ایو ی ایشن اتھارٹی نے اجلاس طلب کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کی سفارشارت کی روشنی میں باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو سعودی عرب اور دیگر ممالک کے پروازوں کی بحالی کے لئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اجلاس طلب کر لیا ہے جبکہ تمام ائیر لائنز کو بھی اجلاس میں طلب کر لیا گیا ہے۔

باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ سپیشل پروازوں کے لئے کھولا گیا ہے تاہم خلیجی ممالک اور دیگر ممالک کے فلائٹس کے مسافروں کو لاہور ،کراچی اور اسلام آباد منتقل کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

خیبر پختونخوا کے سینکڑوں مسافر اس وقت پنجاب کے مختلف قرنطینہ سنٹر میں موجود ہیں، جن کی پشاور ،مالاکنڈ ڈویژن ، جنوبی اضلاع میں واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

واپسی کے دوران ان کے اخراجات میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو سعودی عرب اور دیگر ممالک کے پروازوں کو بحال کرنے کی درخواست وفاق کو کی تھی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں باچا خان انٹرنیشنل ائیر پورٹ کو پروازوں کے لئے کھولنے کے فیصلے پر غور و خوص شروع کر دیاگیا ہے۔

جبکہ دوسری جانب حکومت نے ملک کے تمام بڑے ہوائی اڈوں سے ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو آئوٹ بائونڈ بین الاقوامی پروازوں کی اجازت بھی دیدی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت کے فیصلے کی روشنی میں شیڈولڈ، نان شیڈولڈ اور چارٹر آئوٹ بائونڈ بین الاقوامی پروازوں کی جمعہ کی رات 11 بج کر 59 منٹ سے پروازوں کی اجازت دیدی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گوادر اور تربت کے سوا ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں سے ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو پروازیں چلانے کی اجازت ہو گی۔

اس سلسلے میں ایس او پیز پہلے ہی جاری کئے جا چکے ہیں۔ فضائی کمپنیاں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کی ذمہ دار ہوں گی۔ جہاز کی ڈس انفیکشن کو یقینی بنایا جائے گا اور ہوائی اڈوں پر مسافروں کے ایک جگہ اکٹھے ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔ وضاحت کی گئی ہے کہ صرف پاکستان سے غیر ملکی شہروں کے لئے آئوٹ بائونڈ پروازوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ فضائی کمپنیاں مسافروں کے بغیر بھی پاکستان کے لئے پرواز کر سکتے ہیں اور وہ پاکستان سے بین الاقوامی شہروں کے لئے مسافر لے جا سکتے ہیں۔