مقبوضہ کشمیر : عوامی ایکشن کمیٹی کا مولوی مشتاق کو شہادت کی برسی پر خراج عقیدت

ہفتہ 6 جون 2020 22:17

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم عوامی مجلس عمل نے اپنے رہنما اور سماجی و سیاسی کارکن مولوی مشتاق احمد کو انکے 16ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کورونا وائرس اور میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظر بند ی کے سبب شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے حوالے سے تنظیم کی طرف سے تقریب کا انعقاد نہیں کیا جاسکا۔

تنظیم نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ شہید مولوی مشتاق اور دیگر شہدائے کشمیر کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کریں۔ بیان میں کہا کہ مولوی مشتاق ایک انتہائی رحم دل اور شفقت پسند انسان تھے جنہوں نے ساری زندگی غریبوں اور مساکین کی مدد کی اور اپنے نظریے کی پاداش میں جیل کی مشکلات اور تشدد برداشت کیا۔

(جاری ہے)

دریں اثنا میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر سید فیض نقشبندی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کاایک بہترین طریقہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ برس پانچ اگست سے جاری فوجی محاصرے اور لاک ڈائون کے سبب انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ نریندر مودی کی حکومت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی حیثیت تبدیل کر کے کشمیری مسلمانوں سے انکی شناخت چھیننے کے بھی در پے ہے۔ سید فیض نقشبندی نے مقبوضہ علاقے میں فور جی انٹرنیٹ سروس پر مسلسل پابندی اور علاقے میں نئے ڈومیسائل قوانین کے نفاذ پر بھی سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کیلئے اسرائیلی طرز کی کارروائی قرار دیا۔

انہوںنے میر واعظ عمر فاروق کی سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بندی کی بھی مذمت کی ۔سید فیض نقشبندی نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔