اقوام متحدہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے‘ علی رضا

کشمیریوں نے پاکستان کی آزادی سے تقریباً ایک ماہ قبل ہی ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا

پیر 20 جولائی 2020 21:40

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2020ء) کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے کہاہے کہ 19جولائی’’ یوم الحاق پاکستان‘‘ جموں و کشمیر کی تاریخ کا انتہائی اہم دن ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیریوں نے پاکستان کی آزادی سے تقریباً ایک ماہ قبل ہی ایک قرارداد کے ذریعے پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کردیا تھا۔

انہوںنے کہاکہ جموں و کشمیر کے ساتھ پاکستان کے گہرے تاریخی، جغرافیائی، تمدنی، تجارتی اور دینی رشتے ہیں اور مہاراجہ کشمیر نے اس کے برعکس بھارت سے الحاق کیاحالانکہ کشمیری ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے پہلے ہی پاکستان سے الحاق کرچکے تھے۔بھارت نے اکتوبر1947 ء میں جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا جس کے خلاف کشمیریوں نے جدوجہد شروع کی جو اب بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برعکس کشمیر پر قبضہ کرلیا اور اس وقت سے ابتک وہ کشمیریوں پر مظالم ڈھارہاہے۔یادرہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری ہرسال 19جولائی کو ’’یوم الحاق پاکستان‘‘ مناتے ہیں۔ 19 جولائی1947 ء کو سری نگر میں کشمیریوں کی نمائندہ تنظیم مسلم کانفرنس کے تاریخی اجلاس میں پاکستان سے الحاق کی قرارد اد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔

کشمیریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کشمیرکا کچھ حصہ آزاد کرلیا تھا جسے آزاد کشمیر کہتے ہیں۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو خود اقوام متحدہ میںلے گیا اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا لیکن اس پر اب تک عمل نہیں کیا۔علی رضا سید نے کہاکہ بھارت نے گزشتہ سال 5اگست کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی ختم کردی اور اس وقت سے ابتک وہاں لاک ڈاؤن ہے، لوگ بنیادی سہولیات اور شہری حقوق سے محروم ہیں۔

اب کرونا وائرس کی آڑ میں لوگوں کو دبایا جارہاہے۔ ان بھیانک مظالم کے باوجود کشمیری آج بھی اپنے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں ہوئے اور پاکستان سے اپنی محبت اور گہرے رشتے کا اظہار کرتے ہوئے 19 جولائی کو یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں۔چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور ان کو اپناحق خود ارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے۔