مسئلہ کشمیر آسان نہیں تو ناممکن بھی نہیں ہے‘رانا غلام مظفر

نہتے مجبورکشمیریوں کو انصاف نہیں ملا تو اس کے تباہ کن نتائج کے اثرات دنیا کو بھگتنا پڑیں گے

بدھ 29 جولائی 2020 13:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2020ء) سی ای او کشمیرنیشنل یوتھ امپاورمنٹ پاکستان رانا غلام مظفرنے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر آسان نہیں تو ناممکن بھی نہیں ہے،نہتے مجبورکشمیریوں کو انصاف نہیں ملا تو اس کے تباہ کن نتائج کے اثرات دنیا کو بھگتنا پڑیں گے،پر امن طریقے سے مسئلہ کشمیر کا حل کرنا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے۔

ان خیالا ت کااظہارانہو ں نے حاجی عامر رشید خان چیرمین سپریم کونسل آف پاکستان،امین ملک ودیگر سے گفتگو کر تے ہو ئے کیاانہوں نے کہاکہ پوری دنیا میں مسلم ممالک کو کمزور اور ان کے وسائل پر قبضہ کی سازش ہورہی ہے ،عراق ،افغانستان ،شام ،یمن ،لیبیا اور دیگر مسلم ممالک کی صورتحال سب کے سامنے ہے۔ انہو ں نے کہا ہے کہ یہود ونصاری مسلم ممالک پر غاصبانہ قبضوں کی سازشوں میں مصروف ہیں ،کشمیر کا پرامن حل نہ ہونا اور کشمیر کے مسئلے میں اقوام متحدہ وعالمی برادری کی عدم دلچسپی انصاف کا قتل اور کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہاکہ بھارت مسلم نسل کشی اور انسانیت کا قتل عام کررہا ہے کوئی اسے روکنے والا نہیں ہے ،پاکستان کی پرامن پالیسی کو کوئی کمزوری سے تعبیر نہیں کرئے ،پاکستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں اور بھارت سمیت دشمن کے دانت کھٹے کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ۔ مسئلہ کشمیر پر امن طور پر حل نہیں ہواتو طاقت کا استعمال کرنا پڑے گا،حق خود ارادیت اور آزادی کی تحریک کو بھارت ظلم وجبر اور ریاستی طاقت سے نہیں دبا سکتا ۔