یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس، کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ظلم کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور

اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف کی طرف سے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی اجلاس بلانے اور متفقہ قرار داد منظور ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو خراج تحسین

بدھ 5 اگست 2020 23:50

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2020ء) یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا ۔ جس کی صدارت سپیکر چودھری پرویز الٰہی کی۔بعدا زاں سپیکر کی اجازت سے وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی او مقبو ضہ کشمیر میں بھارتی ظلم کے خلاف قرار داد پیش کی۔جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

قرار داد میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ ایوان 5۔اگست 2020 کو یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر تمام کشمیریوں سے مکمل اظہار یکجہتی کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنے ایک برس ہو چکا ہے۔ایک سال قبل آج ہی کے دن بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کئے جانے کا غیر آئینی اقدام کیا اور آرٹیکل 370 اور 35-A کو ختم کرکے مسلم آبادی کا تناسب بدلنے کی ناپاک جسارت کی جس نے خطے کے ساتھ ساتھ عالمی امن کو بھی شدید خطرات سے دو چار کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔ مسلسل کرفیو نے انسانی المیے کی شکل اختیار کر لی ہے۔ نریندر مودی کے حکم پر قابض بھارتی فوج نے ہزاروں کشمیریوں کو شہید کر دیا اور درندگی کی انتہا کرتے ہوئے انڈین فوج کے ظالموںنے پیلٹ گنوں کے استعمال سے سینکڑوں نہتے کشمیریوں سے ان کی بینائی تو چھین لی ہے لیکن ان سے ان کی آزادی کا خواب نہیں چھین سکے۔

قرار دار میں مزید کہا گیا کہ یہ ایوان عالمی برادری سے اپیل کرتا ہے کہ اس صورت حال کا فوری نوٹس لیا جائے۔ یہ ایوان اقوام متحدہ سے بھی اپیل کرتا ہے کہ فوری طور پر انسانی حقوق کمیشن کے نمائندے مقبوضہ کشمیر میں بھیجے جائیں جو ساری صورت حال کا جائزہ لے کر ان خلاف ورزیوں کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ ایوان ایک بار پھر یہ مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے تاکہ بھارت کا اصل چہرہ دُنیا کے سامنے آ سکے۔

مزید برآں یہ ایوان سلامتی کونسل کے مستقل ممبران سے مطالبہ کرتا ہے کہ بھارت کی غیر آئینی ترامیم اور کرفیو جیسے انسانیت سوز اقدامات کو فوری ختم کرانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ قرار داد میں کہا گیا کہ یہ ایوان سپیکر پنجاب اسمبلی‘ چودھری پرویز الہٰی کو اس اہم ترین دن کے موقع پر پنجاب اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہے نیز پاکستان کا نیا سیاسی نقشہ جاری کرنے پر وفاقی حکومت کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کو پاکستان میں شامل کیا گیا ہے۔

یہ ایوان اس بات پر بھی اظہار مسرت کرتا ہے کہ اس انتہائی حساس مسئلے پر پوری قوم، تمام سیاسی جماعتیں، مسلح افواج اور دیگر تمام سول و عسکری ادارے ہم آواز اور متحد ہیں۔ یہ ایوان کشمیری عوام کو یقین دلاتا ہے کہ پاکستان ان سے بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تعاون جاری رکھے گا۔ یہ ایوان جدوجہد آزادی کے شرکاء اور شہداء کو زبردست خراج عقیدت بھی پیش کرتا ہے۔

یہ ایوان اس یقین کا اظہار کرتا ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کامیابی سے ہمکنار ہو گی اور کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق جلد حل ہو کر انشا ء اللہ کشمیر بنے گا پاکستان۔اس موقع پر وزیر قانون محمد بشارت راجہ ، اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے رکن عثمان محمود نے بھی اظہار خیال کیا۔ اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز شریف نے یوم استحصال کشمیر کے موقع پر خصوصی اجلاس بلانے اور متفقہ قرار داد منظور ہونے پر سپیکر چودھری پرویز الٰہی کو خراج تحسین پیش کیا۔ بعدازاں سپیکر نے اجلاس جمعتہ المبارک مورخہ 07اگست 2020 صبح 9:00بجے تک ملتوی کر دیا۔