بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کل راولاکوٹ آمد پر پرتپاک استقبال کیاجائے گا

بدھ 12 اگست 2020 21:32

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 اگست2020ء) پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر سابق وزیراعظم آزادکشمیر، قائد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا کل جمعرات کو راولاکوٹ آمد پر پرتپاک استقبال کیاجائے گا ۔بیرسٹر سلطان محمو د چوہدری آزادکشمیر کے واحد سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے اندرون و بیرون ملک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا ۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم ، پیلٹ گن کا استعمال ، خواتین کی عصمت دری ، بچوں کا اغوار اور نوجوانوں کی شہادت کے خلاف سب سے موثر اور جاندار آواز بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے بلند کی ۔گزشتہ سال پانچ اگست کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے جس طرح مسئلہ کشمیر اجاگر کیا اس کی مثال نہیں ملتی ،مختلف ممالک میں بڑے بڑے احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اقوام عالم کی توجہ مظلوم کشمیر یوں کی جانب دلائی گئی، پاکستان تحریک انصاف نے پانچ اگست کے بعد مسئلہ کشمیر کے حوالے سے جو کردار ادا کیا وہ آزادکشمیر حکومت ادا نہیں کر سکی ،پاکستان تحریک انصاف نے ملک میں کرپشن کے خلاف جو جہاد شروع کیا ہے عوام اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، عوام بار بار مطالبہ کرتے رہے کہ آزادکشمیر میں بھی احتساب کا عمل شروع کیاجائے لیکن موجودہ حکومت کو اتنی توفیق نہیں ہوئی کہ وہ آزادکشمیر میں احتساب کا عمل شروع کرتے ، پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی کے آئندہ انتخابات میں آزادکشمیر میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ، آزادکشمیر میں حکومت سازی کی جائے گی اور آزادکشمیر میں بھی بلا تفریق احتساب کا عمل شروع کیاجائے گا ۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے دعوے کرنے والے کرپشن میں مصروف ہیں، تعمیراتی کاموں کے بجائے اپنی جیبیں بھری جارہی ہیں ، ایسے لوگ احتساب کے خلاف زیادہ آوازبلند کرتے ہیں اور حکومت کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ کرنے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے ۔ان خیالات کااظہار پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے دورہ پونچھ کی تیاریوں کے حوالے سے منعقد ہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کیا ،اس اجلاس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف ضلع پونچھ کے صدر سردار اورنگزیب خان نے کی ، جبکہ اجلاس میںپی ٹی آئی تحصیل راولاکوٹ کے صدر سردا رنثار ، سٹی صدر سردار طاہر شاہین ، نائب صدر پی ٹی آئی ضلع پونچھ نثار عزیز ، عمران سجاق ایڈیشنل سیکرٹری پونچھ ، سردا ر افنان نواز ، پی ٹی آئی پونچھ کے سیکرٹری مالیات عرفان اشتیاق، سردار نعیم ناز، سیکرٹری ا طلاعات سٹی راولاکوٹ محمد ظریف اعوان ، کے علاوہ کارکنان و عہدیداران نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

۔اجلاس میں تیاریوں کے حوالے سے مختلف کمیٹیاں بنا ئی گئیں،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ضلع پونچھ کے صدرسردار اورنگزیب خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور عوام بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کا خطاب سننے کیلئے تیرہ اگست دن کو ہجیرہ جبکہ شام کو راولاکوٹ پہنچیںگے، ضلع پونچھ میں داخل ہونے پر قائد کشمیر کا والہانہ استقبال کیاجائے گا ۔

انہیں ایک جلوس کی شکل میں ہجیرہ لے جایاجائے گا جہاں پر وہ عوام سے خطاب کریں گے ۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سردا ر امتیاز اور دیگر قائدین بھی موجود ہوں گے۔ پاکستان تحریک انصاف کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 13اگست کو ہجیرہ میں حلقہ نمبر ایک اور حلقہ نمبر دو کے کارکنا ن سے خطاب کریں گے جبکہ اسی شام 6:30پر سرکٹ ہاوس راولاکوٹ میں حلقہ نمبر 3، 4،5کے کارکنا ن سے خطاب کریں گے ۔جبکہ چودہ اگست کو وہ باغ میں ہونے والے پروگرام میں شرکت کریں گے ۔