پیپلزپارٹی سندھ حکومت سے لاتعلقی کا اظہار کرے ، مولانا فضل الرحمان کا مطالبہ

وزیراعظم سمیت اسمبلیاں جعلی اور میرے نزدیک چیئرمین سینیٹ بھی جعلی ہیں ، سربراہ جے یو آئی ف

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 ستمبر 2020 18:00

پیپلزپارٹی  سندھ حکومت سے لاتعلقی کا اظہار کرے ، مولانا فضل الرحمان ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 ستمبر2020ء) جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی سے سندھ حکومت سے لاتعلقی کے اظہار کا مطالبہ کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کی میزبانی میں ہونے والی اے پی سی سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ جعلی نظام ہے ، اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کا فیصلہ آج ہی کیا جائے ، اور پیپلزپارٹی سندھ حکومت سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کو تحلیل کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مضبوط موقف کی طرف جانا ہوگا ، ہمیں اب زبانی نہیں تحریری باتیں کرنا ہوں گی ، ہر طرح کی سرکاری تقریبات کا بائیکاٹ کیا جائے ، اسمبلی میں ہر قسم کی کارروائی کا بائیکاٹ کریں گے ، کیونکہ وزیراعظم سمیت اسمبلیاں جعلی اور میرے نزدیک چیئرمین سینیٹ بھی جعلی ہیں ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان آل پارٹیز کانفرنس کے منتظمین سے ہی شکوے کرنے لگے۔

تفصیلات کے مطابق جے یو آئی ف کے سربراہ نے پیپلزپارٹی سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا بیان تو میڈیا بھی نہیں چلا رہا اب اے پی سی نے بھی روک دیا ، جس پر بلاول بھٹو زرداری نے وضاحت کیلئے شیری رحمان کو طلب کیا ۔ شیری رحمان نے کہا کہ جے یو آئی کی درخواست پر ان کیمرہ اجلاس کیا گیا ۔ اس پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے ان کیمرہ اجلاس کی درخواست نہیں کی تھی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس آج اسلام آباد میں ہورہی ہے ، جس میں ‌حکومت مخالف تحریک چلانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا جائے گا ، 2 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ، اے پی سی کا اپوزیشن کے اتحاد میں تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ، اے پی سی شرکاء کے سامنےمشترکہ موثر جدوجہد کے لئے حکومت مخالف اتحاد کی تجویز رکھی جائے گی جبکہ اے پی سی میں حکومت مخالف مشترکہ جلسوں، ریلیوں کی تجویز بھی پیش کی جائے گی ۔