متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا

استعفیٰ نہ دیا تو جنوری میں لانگ مارچ کیا جائے گا، جس میں نئے شفاف آزادانہ انتخابات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 20 ستمبر 2020 20:09

متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 ستمبر2020ء) متحدہ اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ،استعفیٰ نہ دیا تو جنوری میں لانگ مارچ کیا جائے گا، جس میں نئے شفاف آزادانہ انتخابات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس نے اپوزیشن اتحاد کو پاکستان ڈیموکریٹک الائنس کا نام دے دیا ہے، پاکستان ڈیموکریٹک الائنس نے وزیراعظم عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔

اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک پر بھی متفقہ فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ رواں سال اکتوبر سے حکومت مخالف تحریک شروع کی جائے گی، ملک بھر میں حکومت مخالف احتجاج اور عوامی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ حکومت کو جنوری تک وقت دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس عرصے میں ملک میں نئے آزاد اور شفاف انتخابات کا مطالبہ کیا جائے گا۔ تحریک عدم اعتماد اور اسمبلیوں سے مستعفی ہونا بھی آپشن شامل ہوگا۔

حکومت کی جانب سے نئے انتخابات نہ کروانے پر دھرنا یا مارچ شروع کیا جائے گا۔جنوری 2021ء میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے گا اور حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے دھرنا دیا جائے گا۔ملک گیر احتجاجی تحریک میں وکلاء، طلباء ، تاجر اورتمام شعبہ ہائے زندگی کے لوگ شامل ہوں گے، اسی طرح اے پی سی میں فیصلہ ہوا کہ ایک ٹروتھ کمیشن قائم کیا جائے گا۔

ٹروتھ کمیشن 1947ء سے آج تک پاکستان کی سیاست کی حقیقی تاریخ کے حقائق سامنے لائے گا۔ اے پی سی نے میثاق پاکستان بنانے کیلئے کمیٹی قائم کردی ہے۔میثاق پاکستان میثاق جمہوریت کی طرز پر ہوگا۔مسلم لیگ ن کے احسن اقبال نے بتایا کہ حکومت کے دوسالہ حکومت میں عوامی مسائل پیدا کیے گئے، بیڈ گورننس ہے، ملک معاشی طور پر مفلوج ہوچکا ہے۔اے پی سی میں تمام چیزوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، حکومت کے خلاف بتدریج پارلیمنٹ کے اندر اور باہر نئے انتخابات کیلئے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔ اسمبلیوں سے استعفے آخری آپشن ہوگا۔