آل پارٹیز کانفرنس کے غبارے سے ہوانکل گئی ہے، شریف خاندان اے پی سی کی تباہی کا سبب بنا ہے، اعجازچوہدری

منگل 22 ستمبر 2020 21:40

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدراعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ شریف خاندان اے پی سی کی تباہی کا سبب بنا ہے ، آل پارٹیز کانفرنس پر نواز شریف نے خودکش حملہ کیا ہے ، اے پی سی کے قائدین مودی اور بھارت کے ترجمان بنے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 133 میں صدرپی ٹی آئی نشتر ٹائون فیاض بھٹی اور چوہدری صفدر کے ہمراہ عوامی کالونی میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اعجاز چوہدری نے کہا کہ نوازشریف ، آصف زرداری ،فضل الرحمان اور دیگر حواری بھارتی لابی کو خوش کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومت اور پوری قوم ملکی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، ملک دشمنی پر اتری ہوئی اپوزیشن کے کسی منفی ہتھکنڈوں کو کامیاب نہیں ہو نے دے گی ۔ انہوں نے کہاکہ آل پارٹیز کانفرنس کے غبارے سے ہوانکل گئی ہے ، آل کرپٹ ایسوسی ایشن اپنی کرپشن کو بچانے پی ٹی آئی پر تنقید کرکے عوام کی توجہ ہٹانے کی نالام کوشش کر رہی ہے ، مفرور اور اشتہاری تنقید کرنے کی بجائے وطن واپس آئیں اور اپنے مقدمات کا سامنا کریں ۔