مولا بخش چانڈیو کی گجرانوالہ کے کامیاب جلسے پر بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد

جس طرح حکومت نے اپوزیشن کو متحد کیا ہے میرا دل چاہتا ہے کہ جلسے کی کامیابی پر مبارکباد وزیر اعظم اور حکومتی وزراء کو دوں، پریس کانفرنس

ہفتہ 17 اکتوبر 2020 22:36

مولا بخش چانڈیو کی گجرانوالہ کے کامیاب جلسے پر بلاول بھٹو، مریم نواز ..
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2020ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے گجرانوالہ کے کامیاب جلسے پر بلاول بھٹو، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح حکومت نے اپوزیشن کو متحد کیا ہے میرا دل چاہتا ہے کہ جلسے کی کامیابی پر مبارکباد وزیر اعظم اور حکومتی وزراء کو دوں۔

(جاری ہے)

وہ قاسم آباد میں میں اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ضلعی صدر صغیر قریشی‘ علی محمد سہتو اور دیگر بھی موجود تھے، سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہاکہ بلاول بھٹونے یہ اعلان کیا کہ نااہل حکومت گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی کرکے عوام کو نہیں روک سکتی اگر گلگت بلتستان کے الیکشن میں دھاندلی ہوئی تو بلا ول بھٹو احتجاج کریں گے، حکومت کی مہنگائی پالیسی کے خلاف عوام متحدہ ہوچکی ہے اور جو پالیسی صوبوں کے لئے آئی ہے وہ ناقابل قبول ہے، انہوں نے کہا کہ یہ سندھ کی وحدت اور حقوق کے خلاف سازشیں کریں اور عوام خاموش بیٹھے رہیں یہ نہیں ہوسکتا،سندھ کے خلاف سازش کی جارہی ہیں، سندھ کے جزائر سندھ کی ملکیت ہیں، سندھ حکومت بھی وفاق کے اس فیصلے کے خلاف ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور سندھ کے عوام وفاق کی طرف سے جزائر پر قبضے کے فیصلے کو قبول نہیں کریں گے اگر زبردستی جزائر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی گئی تو تمہارا سیاسی قبرستان بنادیں گے، آئین کسی بھی صورت اس کی اجازت نہیں دیتاآئین سے چھیڑچھاڑ ختم کرکے قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیاجائے، انہوںنے کہاکہ ہر آنے والا دن موجودہ حکومت کی تباہی وبربادی کا دن ثابت ہوگا اور یہ لوگ گمنام ہوجائیں گے، انہوںنے کہاکہ تمہاری واپسی کا سامان تیار ہوچکا ہے گذشتہ روز گجرانوالا میں تم نے تمام تر تدابیر کرلیں ہر رکاوٹ کو توڑ کر عوام جلسہ گاہ پہنچے اس جلسے نے سابق تمام ریکارڈ توڑ دیئے، اب کراچی میں ایسا ہی جلسہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ کے پاس سیاسی لوگ نہیں سیاسی پرندے ہیں اور ان کے لئے اڑھائی سال بہت ہوتے ہیں، سندھ کے جزائر کے حوالے سے تمہاری پالیسی قبول نہیں ہے، انہوںنے کہاکہ ان کے اختیار میں کچھ نہیں ہے یہ ٹائیگر فورس نہیں بھیڑیا فورس ہے اب ان کی پالیسیاں پاکستان کے لئے قابل قبول نہیںہیں، انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان کی فوج سے محبت کرتے ہیں بلاول بھٹو اور پی پی کی قیادت نے واضح طور پر جزائر کے حوالے سے وفاقی کے آرڈنینس کومسترد کیا ہے، ہم کوئی بھی غیرجمہوری عمل قبول نہیں کریں گے، حکمران ہوش کے ناخن لیں، اب وقت تبدیل ہوچکا ہے۔