کراچی آرٹس کونسل میں کشمیر سے اظہار یکجہتی پرمبنی تھیٹر ڈرامہ ’’پاکستان کی میں تقدیر ، نام میرا جموں کشمیر‘‘پیش کیا گیا

افواج پاکستان اور پاکستانی قوم میں اتنی طاقت ہے کہ ہم کشمیر کو آزاد کرواسکتے ہیں،سیاسی رہنما فاروق ستار

منگل 27 اکتوبر 2020 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اکتوبر2020ء) 73 سال ہو گئے کشمیر پر بھارت کا قبضہ ہے۔ نہتے کشمیریوں پر بھارت کے مظالم بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔پوری دنیا کے مسلم ممالک کو کشمیر کی آزادی کے لیے ہمارے ساتھ کھڑا ہو نا پڑے گا۔ان خیالات کا اظہار سیاسی رہنما فاروق ستار نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں کشمیر سے اظہارِ یکجہتی کے لیے تھیٹر پاکستان کی میں تقدیر ، نام میرا جموں وکشمیر کے دوارن کیا۔

تھیٹر کا اہتمام ہیومن رائٹس کونسل اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے تعاون سے کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کی آزادی کے لیے پوری دنیا کے مسلم ممالک کو ہمارے ساتھ کھڑے ہونا پڑے گا ،بھارت میں مودی اور امریکہ میں ڈونلڈ ٹرمپ انتہا پسند ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں فخر ہے ہم رسول اکرم کے امتی ہیں، فرانس میں سرکاری عمارتوں پر گستاخانہ خاکوں کی بھرپور انداز میں مذمت کرتا ہوں ،یورپ میں پہلی بار ایسا گھناو نہ واقعہ رونما ہوا ہے، فرانس کے صدر کو پیغام دیا جائے کہ ہماری معیشت کو جتنا بھی نقصان ہو جائے ہم فرانس کی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں گے،تقریب میں معروف صنعتکار مرزا اشتیاق بیگ اور سیاسی رہنما سردار نذاکت نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈرامہ پاکستان کی میں تقدیر ، میرا نام جموں کشمیر کے رائٹر بشیر سدوزئی تھے۔ڈرامے میں کشمیری عوام کی آزادی کے لیے جدوجہد اور بھارتی مظالم کو فنکاروں نے اداکاری کے ذریعے پیش کیا، جسے شرکاکی جانب سے بے حد سراہا گیا۔