پیپلز لیگ کا نوجوانوں کے قتل کے خلاف سرینگر میں مظاہرہ

جمعہ 1 جنوری 2021 17:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز لیگ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے تین کشمیری نوجوانوں کے ایک جعلی مقابلے میں قتل کے خلاف سرینگر میں مظاہرہ کیا۔بھارتی فوجیوںنے بدھ کے روز سرینگر کے علاقے لاوے پورہ میں تین کشمیری نوجوانوں کومحاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’نسل کشی اور جعلی مقابلے بند کرو، شہریوں کا قتل ناقابل قبول ہے‘‘ جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے بھار ت کے خلا ف اور آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے۔ مظاہرین نے شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور انکے اہلخانہ کی ساتھ بھر پور یکجہتی کااظہار کیا۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیف کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر سرفراز خان نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے کالے قانون آرمڈ فورسز فورسز سپیشل پاورز ایکٹ کے ذریعے بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

انہوںنے کہاکہ حریت رہنمائوں کو جیلوں میں ڈال دیا گیا ہے جبکہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف بھی آزادی پسند قیادت کے خلاف کریک ڈائوں کاسلسلہ جاری ہے۔انہو ں نے افسوس ظاہر کیا کہ اقوام متحدہ اور عالمی برادری نے مقبوضہ علاقے میں بیگنا ہ شہریوں کے قتل پر مجرمانہ خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔