مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے مسلط کردہ فوجی محاصرے کو 17 ماہ مکمل ہوگئے، رپورٹ

منگل 5 جنوری 2021 19:26

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے مسلط کردہ فوجی محاصرے کو 17 ماہ مکمل ہوگئے، 05 اگست2019 ء کو فوجی محاصرہ نافذ کرکے علاقے کو پتھر کے زمانے کی طرف دھکیل دیا گیا۔اس موقع پر کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فوجی محاصرے سے کشمیری عوام میں خوف اور دہشت کا احساس پیدا ہوگیاہے کیونکہ بھارت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کو خاص طور پر گزشتہ 17 ماہ سے دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 80 لاکھ کشمیریوں کو مسلسل غیر انسانی فوجی محاصرے کا سامنا ہے جبکہ 5 اگست 2019 سے 305 کشمیریوں کوبھارتی فوجیوں نے شہید کردیاہے۔ جنوری 1989 ء سے اب تک 95ہزار700 سے زیادہ کشمیریوں کو بھارتی فوج نے شہید کیاہے۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت مقبوضہ جموںوکشمیرکو مسلم اکثریتی علاقے سے ہندو اکثریتی علاقے میں تبدیل کرکے کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتی ہے۔

مقبوضہ جموںوکشمیرمیں قتل و غارت ، چھاپے ، نظربندی اور تشدد ایک معمول بن چکاہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی عدالتیں غیر قانونی طور پر نظربند حریت رہنماآسیہ اندرابی کے عدالتی قتل کی تیاری کر رہی ہیں۔ یوم حق خود ارادیت کے سلسلے میں رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی 05 جنوری 1949 کی قرارداد میں اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے کشمیریوں کے حق کو تسلیم کیا گیا ہے لیکن بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ جاری رکھ کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کررہا ہے۔