آزاد کشمیر میں احتساب ناگزیر ہے ،ڈاکٹر عرفان اشرف

حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے نوجوان مثبت کے بجائے منفی سوچ کی طرف جا رہے ہیں،رہنماء تحریک جوانان پاکستان

جمعہ 8 جنوری 2021 18:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2021ء) تحریک جوانان پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں احتساب ناگزیر ہے ،حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے نوجوان مثبت کے بجائے منفی سوچ کی طرف جا رہے ہیں۔ آزاد کشمیر کے انتخابی عمل میں تحریک جوانان پاکستان و آزادکشمیر نوجوانوں کو آگے لائے گی۔

بھارت اپنے ایجنٹوں کے ذریعہ آزاد کشمیرکے پر امن ماحول کو پر تشدد اور دنیا میں منفی پراپیگنڈا پھیلا رہا ہے۔ جس کے خلاف جوان اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ یورپی یونین ڈس انفولیپ کی رپورٹ چشم کشا ہے۔ یہ پاکستان کو دنیا میں بدنام کرنے کی سازش ہے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی سیکرٹری جنرل نے یہاں مظفرآباد پریس کلب میں پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا کہ بھارت کے پیسوں پر پلنے والے شوکت کشمیری اور چند منفی سوچ کے حامل لوگوں کو ہر جگہ پر بے نقاب کرتے رہیں گے۔ ان لوگوں نے تحریک آزادی کشمیر کا اصل چہرہ دنیاکو دکھانے کے بجائے بھارت کے عزائم پر پیسہ لے کر گمراہ کر دیا ہے۔ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ تحریک آزادی کشمیر کا پاسبان ہے۔ ایسے لوگ جو کشمیر کی تحریک کے دشمن ہوں وہ بے نقاب ہوتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں چیک اینڈ بیلنس کا کوئی نظام نہیں۔ ترقیاتی سکیموں میں بڑے پیمانے پر کرپشن ہو رہی ہے۔ وزراء ٹوٹی نلکا کھمبے کی سیاست تک محدود ہیں۔ اپنی نااہلیت چھپانے کے لئے دوسروں پر الزام تراشی ان کی منفی سوچ کی عکاسی ہے۔ آزاد کشمیر کا بچہ بچہ جانتا ہے۔ پاکستان تحریک آزادی کشمیر کا ترجمان ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیرکے حوالہ سے اپنا بھرپور رول پلے کیا ہے۔

جسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومتوں نے تعلیم، صحت، سیاحت، جنگلات جیسے محکموں کو بھرپور فعال نہیں کیا۔ کوانٹٹی کے بجائے کوالٹی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ آزاد کشمیر کے بیشتر علاقے حکمرانوں کی کم علمی کچی سوچ کی وجہ سے پسماندگی کا شکار ہیں۔ اس وقت وادی نیلم کے بالائی علاقے گریس ویلی شاہراہ کو ایک ماہ دس روز سے کھولا نہیں جا سکا ہے۔

اس کا ذمہ دار کون ہے۔ آزادکشمیر کا وزیر حلقے کی سیاست تک محدود ہے۔ عوام کو سہانے خواب دکھا کر دانے دانے کے لئے 5 سالوں کے اندر محتاج کر دیا جاتا ہے۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخاب ہوئے نہ ہی سفارشی کلچر کا خاتمہ کشمیر لبریشن سیل کو سیاست سے پاک کرنے کے دعویدار کارکنوں کو نوازنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا تحریک جوانان پاکستان آمدہ الیکشن میں اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

ہمارا مقصد لوگوں کو ٹوٹی نلکے کھمبے کی سیاست تک محدود نہیں رکھنا بلکہ عوام کا نظام زندگی بہتر بنانا ہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے لئے عملی کردار ادا کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں آزاد کشمیر کے نصاب میں تاریخ کشمیر کو بھی شامل کیا جائے۔ نوجوانوں کو مسائل سے نکال کر باشعور شہری کی حیثیت سے متعارف کروایا جائے۔ ہم اپنے عزم کے ساتھ آزاد کشمیر کی ترقی کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے کردار ادا کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر تحریک جوانان کشمیر صدر راجہ ظہیر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔