پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر ملک کو چلا رہی ہے،مشیر درآمد ہو رہے ہیں، سینیٹر سراج الحق

ہسپتالوں میں ٹھیکیداری نظام مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،وزیراعظم کے تبدیلی کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے، قوم کاوقت ضائع کیا گیا، بند کمروں میں عوام کی قسمت کے فیصلوں ،یرغمال سیاسی نظام کے تحت جمہوریت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی، فیصلہ کرناہوگاملک آئی ایم ایف کا ہے یا بائیس کروڑ عوام کا وزیراعظم نے نیا پاکستان دینے کا وعدہ تھا لیکن غلط فیصلوں کے نتیجے میں قبرستان آباد ہو رہے ہیں، امیر جماعت اسلامی کا پمز کے احتجاجی ملازمین سے خطاب

پیر 18 جنوری 2021 23:02

پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر ملک کو چلا رہی ہے،مشیر درآمد ہو رہے ہیں، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2021ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایڈہاک بنیادوں پر ملک کو چلا رہی ہے،مشیر درآمد ہو رہے ہیں، ہسپتالوں میں ٹھیکیداری نظام مسلط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں،وزیراعظم کے تبدیلی کے نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے، قوم کاوقت ضائع کیا گیا، بند کمروں میں عوام کی قسمت کے فیصلوں اور ایک یرغمال سیاسی نظام کے تحت جمہوریت کبھی مضبوط نہیں ہوسکتی، فیصلہ کرناہوگاکہ ملک آئی ایم ایف کا ہے یا بائیس کروڑ عوام کا،وزیراعظم نے نیا پاکستان دینے کا وعدہ تھا لیکن غلط فیصلوں کے نتیجے میں قبرستان آباد ہو رہے ہیں، مایوسی اور اندھیروں سے نکلناہوگا، انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے اسلام آباد ڈی چوک میں پمز ہسپتال کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی جانب سے کیے گئے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ تعلیمی نظام کی تباہی کے بعد پی ٹی آئی نے ہیلتھ سیکٹر کو بھی بربادی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ہسپتالوں میں غریب عوام کے لیے ڈسپرین کی گولی تک میسر نہیں۔ حکمران طبقہ خود تو اپنے علاج کیلئے باہر چلاجاتاہے ،لیکن غریب علاج کے لیے در در کے دکھے کھا رہاہے۔

ہسپتالوں کو ٹھیکیداری نظام کے تحت چلانے کی سازشیں ہورہی ہیں۔ پی ٹی آئی کے خیبرپختونخوا میں ہیلتھ ریفارمز لانے کے دعوے فریب ثابت ہوئے اب وہ پورے ملک کے بچے کھچے نظام کو بھی تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ٹی آئی کی ایڈہا ک کی بنیاد پر ملک کو چلانے کی پالیسی کامیاب نہیں ہوگی۔الیکشن سے قبل وزیراعظم یہ دعوے کرتے تھے کہ ان کے پاس دو سو معاشی ماہرین کی ٹیم موجود ہے لیکن ڈھائی برسوں کے بعد بھی وہ ٹیم نہیں نظر نہیں آئی۔

ایف ایم ایف اور ورلڈ بنک کے اشاروں پر ملک کو چلایا جارہاہے۔ مشیر باہر سے درآمد ہورہے ہیں۔قوم کو کچھ معلوم نہیں کہ ان کی تقدیر کے فیصلے کہاںپر لکھے جارہے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ایک یرغمال سیاسی نظام کے تحت ملک میں جمہوریت کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ملک پر آزادی کے بعد سے ایک ایسا طبقہ مسلط ہے جس نے عوامی فلاح و بہبود اور اداروں کے استحکام کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے۔

عوام نے مارشل لاز اور جمہوری حکومتوں کے ادوار کو بخوبی دیکھ لیاہے۔پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم ، صحت ، خارجہ ، داخلہ محاذوں پر بری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ وزیراعظم نے ملک کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے کیے لیکن آج لاکھوں بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ ہسپتالوں میں بنیادی صحت کی سہولتیں دستیاب نہیں۔ کروڑوں لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں۔

انصاف اور احتساب کے وعدے فریب ثابت ہوئے۔ حکومت نہ صرف کسی بھی شعبہ میں بہتری لانے میں ناکام ہوئی بلکہ اس نے اداروں کو مزید متنازعہ بنا یااور کمزور کیا، ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرضے لیے گئی] مہنگائی و بے روزگار ی کے ریکارڈ قائم ہوئے۔ پڑھے لکھے نوجوان اپنی ڈگریاں جلا کر چوکوں میں مزدوری کے انتظار میں بیٹھے ہیں، لنگر خانوں کے باہر لائنیں لگی ہوئی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے نیا پاکستان دینے کا وعدہ تھا لیکن غلط فیصلوں کے نتیجے میں قبرستان آباد ہو رہے ہیں، 50 دن ہو گئے حکومت کو ڈاکٹر، نرسز کا درد محسوس نہیں ہو رہا،حکمران اندھے، گونگے، بہرے بنے ہوئے ہیں،ایم ٹی آئی کا قانون واپس لیا جائے،یہ استحصال کا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں لاکھوں لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 4500 ملازمین کو سٹیل ملز سے فارغ کردیا، آپ کی نوکریاں بھی ایسے لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں ہم پر آئی ایم ایف کا دبائو ہے، بیرونی قوتوں کا دبائو ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایم ٹی آئی کے قانون کو واپس لیا جائے،یہ استحصال کا قانون ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز کو اعتماد میں لئے بغیر قانون بنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عجیب حکومت ہے انہوں نے کہا تھا کہ معیشت کو بہتر بنائیں گے،روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا،ڈالرز کی بارش ہونے کے دعوے کئے تھے لیکن انہوں نے انڈے مرغوں کی باتیں کیں،ان کے انڈے سے چوزے ابھی تک نہیں نکلے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے ویکسین بنائی اور ساری دنیا کو برآمد کر رہا ہے اور ہماری حکومت کہتی ہے کہ 11 لاکھ ویکسین کی بات کی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا میں ہمارے جہاز کو پکڑ لیا گیا،وزیر خارجہ کہتے ہیں جہاز کو تو پکڑا لیکن مسافروں کو نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دشمنوں میں اضافہ ہی کیا ہے ۔ امیر جماعت نے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کے چہروں پر مسکراہٹیں دیکھنا چاہتی ہے۔

مایوسی اور اندھیروں سے نکلنا ہوگا۔ ملک کو پٹڑی پر چڑھانے کے لیے ایک انقلابی جدوجہد کی ضرورت ہے۔جماعت اسلامی نے اسلامی پاکستان کی منزل کے حصول کے لیے تحریک کاآغاز پہلے ہی کردیاہے جس کے تحت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں اور گجرانوالہ میں جلسے اور ریلیاں ہوئیں۔ آنے والے دنوں میں پنجاب میں تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا، سرگودہا میں جلد بڑا جلسہ کریں گے، جماعت اسلامی کے کارکن تیار رہیں۔انہوں نے ڈاکٹرز اور پمز کے دیگر عملے کو یقین دہانی کرائی کہ ہم ایوان میں آپ کا کیس اٹھائیں گے۔