Live Updates

این اے 75 ڈسکہ : وزیر اعظم کی 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کی پیشکش پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا

کیوں کروائیں الیکشنز وہاں؟ وہ کوئی ماموں کا صحن ہے؟ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 فروری 2021 13:30

این اے 75 ڈسکہ  :   وزیر اعظم کی 20 پولنگ اسٹیشنز  میں دوبارہ الیکشن کی پیشکش ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 فروری2021ء) وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے این اے 75 ڈسکہ میں 20 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ الیکشن کی پیشکش پر مسلم لیگ ن کا ردعمل آگیا ، ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ کیوں کروائیں الیکشنز وہاں؟ وہ کوئی ماموں کا صحن ہے؟۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کہتے ہیں کہ 20 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کروائیں ، جو 14 ٹیمپر فارم ہیں وہ انھیں منظور ہیں ، حلقے میں مار دھاڑ، غنڈہ گردی اور بدمعاشی ہوتی رہی، الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز تاریخی تھی، الیکشن کمیشن نے کہا انتظامیہ نے تعاون نہیں کیا، 340 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، لوگوں کو آئینی و جمہوری حق سے محروم رکھنے کی کوشش کی، ریٹرننگ افسر انتظامیہ سے رابطے کی کوشش کرتے رہے۔

(جاری ہے)

مریم اورنگزیب نے کہا کہ این اے 75 ضمنی الیکشن میں ووٹرز کو ہراساں کیا گیا ، 20 پریذائیڈنگ افسران کو لاپتہ افراد بنادیا گیا، این اے 75 میں لوگوں کی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، دھاندلی کے سردار عمران خان این اے 75 پر خاموش رہے ، الیکشن کمیشن میں جواب دینے کی تیاری نہیں تھی ، نوکری دینے کی تیاری نہیں تھی، دھاندلی کرنے کی تیاری تھی۔ واضح رہے کہ حکومت نے پیشکش کی ہے کہ این اے 75 ڈسکہ میں مسلم لیگ ن کو جن 23 پولنگ اسٹیشن پر اعتراض ہے تو وہاں دوبارہ الیکشن کرالے ، این اے 75 ڈسکہ سے پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی اور پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ​الیکشن کمیشن آزاد ادارہ ہے ، ہم اس کا احترام کرتے ہیں لیکن قانونی طور پر الیکشن کمیشن رزلٹ روکنے کا مجاز نہیں ، آج ن لیگ نے پھر اپنا موقف بدل لیا، اگر ن لیگ کو 23 پولنگ اسٹیشن پر اعتراض ہے تو وہاں دوبارہ الیکشن کرالے ، آپ پھرکہیں کہ میں نہ مانوں اور اداروں پر چڑھائی کردیں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سینیٹ الیکشن میں شفافیت چاہتے ہیں ، اس لیے پہلی بارایسا ہوا ہے کہ حکومت الیکشن میں ملوث نہیں ہے ، ہمیں الیکشن میں اصلاحات کی طرف بڑھنا ہے ، جس کے لیے اب ہم الیکٹرانک ووٹنگ لارہے ہیں۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے کہا کہ ن لیگ نے ہمیشہ کی طرح ڈسکہ الیکشن پر بھی بیانیہ تبدیل کیا، ڈسکہ کے لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیا، 337 پولنگ اسٹیشن پر پہلے ن لیگ کو کوئی اعتراض نہیں تھا ، تمام نتائج یہ لوگ تسلیم کرچکے تھے، آج الیکشن کمیشن میں انہوں نے بڑا یوٹرن لیا، ڈسکہ کے لوگوں کے فیصلے کا دفاع کریں گے، یہ لوگ الیکشن کو صرف متنازعہ بنانا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات