بلاول بھٹو کا یوسف رضا گیلانی کی جیت پر”جئے بھٹو“کا نعرہ

جئے بھٹو! جمہوریت بہترین انتقام ہے، یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ الیکشن میں حفیظ شیخ کو شکست دی۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکا اظہار مسرت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 3 مارچ 2021 19:02

بلاول بھٹو کا یوسف رضا گیلانی کی جیت پر”جئے بھٹو“کا نعرہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کی جیت پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جئے بھٹو!جمہوریت بہترین انتقام ہے،یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی جنرل نشست پر حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اپنے ٹویٹ میں یوسف رضا گیلانی کی جیت پر جئے بھٹو کا نعرہ بلند کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جئے بھٹو!جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ واضح رہے آج قومی اسمبلی اور تین صوبوں سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں سینیٹ کا الیکشن ہوا، اسلام آباد کی جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا، سینیٹ انتخابات میں یوسف رضا گیلانی نے حفیظ شیخ کو شکست دے دی ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

خواتین کی نشستوں پرتحریک انصاف کی فوزیہ ارشد نے 174ووٹ لے کرمدمقابل ن لیگ کی امیدوار فرزانہ کو شکست دے دی ہے، فرزانہ نے 161ووٹ لیے ہیں۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی کے مطابق حفیظ شیخ یوسف رضاگیلانی کے مقابلے میں ہار گئے ہیں حکمران جماعت تحریک انصاف کی یہ شکست بلاشبہ ایک بڑی شکست ہے کیونکہ حکمران اتحاد کے پاس 180جبکہ اپوزیشن کے پاس 160کے قریب ووٹ تھے ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی کو 169 جبکہ حفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے. پیپلز پارٹی کی پلوشہ خان خواتین کی نشست پر 60 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب خواتین کی نشست پر 57 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں آزاد امیدوار عبدالقادر جنرل نشست پر کامیاب ہوئے. جے یو آئی (ف) کے امیدوار مولانا عبدالغفور حیدری جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے۔

بی این پی (مینگل) کے محمد قاسم نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ارباب عمر فاروق جنرل نشست پر کامیاب ہوئے بی اے پی کے منظور احمد کاکڑ جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے‘بی اے پی کے سرفراز احمد بگٹی نے جنرل نشست پر کامیابی حاصل کی. بی اے پی کے پرنس احمد عمر احمد زئی جنرل نشست پر کامیاب قرار پائے ایوان بالا کی ان 37 نشستوں پر آج ہونے والے انتخابات کے لیے سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور اسلام آباد سے مجموعی طور پر 78 امیدوار میدان میں ہیں جبکہ پنجاب سے تمام امیدوار گزشتہ ماہ دیگر امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی واپس لینے یا نااہل ہونے کے بعد بلامقابلہ منتخب ہوگئے تھے۔