آصف زرداری کی پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش

سابق صدر نے کہا کہ اگر آپ پی ڈی ایم میں شامل ہو جائیں تو میں آپ کو وزیراعلیٰ بنا دوں گا تاہم پرویز الہیٰ نے کہا کہ ان حالات میں ق لیگ عمران خان کو نہیں چھوڑ سکتی۔ عمران یعقوب کا دعویٰ

Muqadas Farooq مقدس فاروق اعوان ہفتہ مارچ 10:47

آصف زرداری کی پرویز الہیٰ کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 مارچ 2021ء) :  سینئر صحافی عمران یعقوب نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الہیٰ کو بہت اہم آفر کی ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری معلومات کے مطاطق آصف زرداری نے چوہدری پرویز الہیٰ سے ٹیلفونک رابطہ کیا ہے جس میں زرداری نے انہیں بہت اہم آفر کروائی ہے۔اور کہا ہے کہ اگر آپ پی ڈی ایم میں شامل ہو جاتے ہیں تو ہم آپ کو وزیر اعلیٰ بنا دیں گے۔

جس پر پرویز الہیٰ نے جواب دیا کہ موجودہ حالات میں ق لیگ عمران خان کو نہیں چھوڑ سکتی۔
دوسری جانب صحافی و تجزیہ کار رانا عظیم نے کہا کہ آصف علی زرداری اب حکومت کے دو اتحادیوں کے ساتھ رابطے کریں گے۔ میرے پاس جو اطلاعات ہیں وہ یہ ہیں کہ آنے والے چند دنوں میں کچھ چیزیں واضح طور پر سامنے آئیں گی، آئندہ کچھ دنوں میں دو حکومتی اتحادیوں سے آصف علی زرداری سے رابطے کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سندھ میں ہو سکتا ہے ۔ ااُن رابطوں میں کوشش کی جائے گی کہ کسی طریقے سے ایسی موومنٹ بنائی جائے کہ پنجاب اور بلوچستان کو ڈسٹرب کیا جائے، خیبرپختونخواہ کا رزلٹ بہت اچھا آیا ہے لہٰذا وہ وہاں کچھ نہیں کر سکتے۔ پنجاب کو ڈسٹرب کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کے کچھ لوگوں کو ذمہ داریاں بھی سونپ دی گئی ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ جن لوگوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں کیا وہ ملاقاتیں کرتے ہیں ، اگر ملاقاتیں کرتے ہیں تو کیا ان کے شرائط و ضوابط ایک دوسرے کو منظور ہیں یا نہیں ۔

رانا عظیم نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں کس نے ضمیر بیچا اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کو تلاش تو کرنا ہو گی۔ اگر اتحادیوں نے ووٹ نہیں فروخت کیا تو پھر اندر سے لوگ ہوں گے جنہوں نے ان سے وعدہ خلافی کی اور اپنا ووٹ بیچ دیا۔ اپوزیشن کے پاس وہ ذرائع نہیں ہے جو حکومت کے پاس ہیں لہٰذا حکومت کو ان لوگوں کا علم ہو گا کیونکہ ان کے پاس رپورٹس بھی موجود ہیں۔

ان کو بتایا گیا تھا کہ کون کس سے رابطے ہیں، کچھ لوگوں نے ان کو اعتماد بھی دلایا تھا لیکن پھر بھی سینیٹ میں حکومت کے لیے اپ سیٹ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ایک نشست کا الیکشن اس قدر اہمیت رکھتا ہے کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ لینے جا رہے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، انہوں نے مزید کہا کہ مارچ میں کوئی بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ رانا عظیم کا مزید کیا کہنا تھا آپ بھی دیکھیں: