اسپیکر قومی اسمبلی نے سینئر پارلیمنٹرینز کونسل کے قیام کی منظوری دیدی،کونسل کی صدارت اسد قیصر کریں گے

ایوان میں نسلی، جنسی اور مذہبی بنیاد پر بولے جانے الفاظ اور نعرے بازی سے اجتناب کو یقینی بنانا ہے ،ٹی او آرز

بدھ 10 مارچ 2021 23:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2021ء) اسپیکر قومی اسمبلی نے سینئر پارلیمنٹرینز کونسل کے قیام کی منظوری دے دی،کونسل کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔ بدھ کو سینئر پارلیمنٹرینز کونسل کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا،کونسل میں پی ٹی آئی سے سید فخر امام، شفقت محمود، پرویز خٹک، جی ڈی اے سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، اور ایم کیو ایم پاکستان سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کونسل میں شامل ہیں ،کونسل میں بلوچستان عوامی پارٹی سے خالد حسین مگسی، پاکستان مسلم لیگ سے طارق بشیر چیمہ، مسلم لیگ ن سے رانا تنویر حسین، سردار آیاز صادق اور چوہدری محمود بشیر ورک شامل ہیں ،پاکستان پیپلز پارٹی سے راجہ پرویز اشرف، آفتاب شعبان میرانی، متحدہ مجلس عمل پاکستان سے شاہدہ اختر علی، پلوچستان نیشنل پارٹی سے محمد اختر مینگل کونسل کا حصہ ہیں ،سیکریٹری قومی اسمبلی طاہر حسین کونسل کے سیکرٹری جبکہ قومی اسمبلی کا شعبہ قانون سازی کونسل کے سیکرٹریٹ کے فرائص سرانجام دیں گے،کونسل کے 9 نکات پر مشتمل ٹی آو آرز جاری کر دیئے گئے ٹی آؤ آرز کے مطابق سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر باہمی احترام پر استوار پارلیمانی روایات کا فروغ ہوگا ،پہلی مرتبہ پارلیمان کا حصہ بننے والے اور نوجوان ممبران اسمبلی کو پارلیمانی امور کو بہتر طور پر سمجھانے اور ایوان میں ہونے والی بحث کے معیار کو مذید بہتر بنانے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی۔

(جاری ہے)

ایوان میں ایک دوسرے پر الزام تراشی اور جملہ بازی کے بجائے عوامی اہمیت کے حامل موضوعات پر بحث کی حوصلہ افزائی۔ قومی اسمبلی کے ایوان اور پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطہ میں کسی بھی ناخوشگوار واقعات کی روک تھام ،سیاسی تفریق سے بالاتر ہو کر جمہوری اقدار کو برقرار رکھتے ہوئے چئیر کی طرف سے دی جانے والی رولنگز کی تکریم اور پابندی کو یقینی بنانا ہے، ٹی او آرز کے مطابق ایوان میں نسلی، جنسی اور مذہبی بنیاد پر بولے جانے الفاظ اور نعرے بازی سے اجتناب کو یقینی بنانا۔

ٹی او آرزکے مطابق درج بالا نکات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے چیئر کو معاونت فراہم کرنا ہے ،اسپیکر قومی اسمبلی کی اپنی دانست میں کسی بھی معاملہ پر کونسل سے مشاورت اور کونسل کو باہمی اتفاق رائے سے کسی اور اہمیت کے حامل معاملہ کو کونسل ٹی او آرز میں شامل کرنے کا اختیار ہے ۔