رینجرز پر حملے میں سندھودیش کے علیحدگی پسند ملوث ہیں، مہاجراتحاد تحریک

ملک دشمن دہشت گرد کراچی کو ایک بار پھر بدامنی کی طرف دھکیلنا چاہتے ہیں،صوبائی حکومت دہشت گردوں کو درپردہ سپورٹ کررہی ہے، ڈاکٹرسلیم حیدر

منگل 16 مارچ 2021 23:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2021ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز کی گاڑی پر کریکر حملے کے نتیجے میں رینجرز کے جوان کو شہید کئے جانے اور رینجرز اہلکاروں سمیت دیگر افراد کو زخمی کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ سندھ کی علیحدگی پسند سندھودیش کے حامیوں کی جانب سے کیا گیا ، کریکر اور بم دھماکوں میں ماضی میں بھی یہی علیحدگی پسند ملوث رہے ہیں جو کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر علاقوں میں ریل کی پٹریوں پر بم دھماکے اور شہریوں پر کریکر حملے کرکے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ فورسز کو ان دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے ، یہ سندھو دیش سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد جنہیں درپردہ صوبائی حکومت کی حمایت بھی حاصل ہے کراچی کو ایک مرتبہ پھر بدامنی اور دہشت گردی کی آگ میں جھونکنا چاہتے ہیں تاکہ کراچی جوکہ ملک کی معیشت کی شہ رگ ہے اس میں بدامنی پھیلاکر پورے ملک کو معاشی طورپر عدم استحکام کا شکار بنایا جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان ہی سندھودیش کے حامیوں نے سندھ کے مختلف علاقوں میں ریل کی پٹریوں، گاڑیوں ، اے ٹی ایم مشینوں اور راہ چلتے لوگوں پر کریکر سے حملے کئے ، یہی علیحدگی پسند چند روز قبل دادو کے شہر سن میں جی ایم سید کی سالگرہ پر بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی کی تصویر اٹھاکر پاکستان کیخلاف نعرے لگاتے رہے لیکن پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے محض خانہ پوری کیلئے مقدمہ تو درج کیا لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی جس سے حکومت کی جانبداری ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایک منصوبے کے تحت کراچی میں سندھو دیش کے علیحدگی پسندوں کو لاکر آباد کیا جارہا ہے جو کراچی میں نہ صرف دہشت گردی کررہے ہیں بلکہ براہ راست جرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ یہی علیحدگی پسند دہشت گرد کراچی کے صنعتی علاقوں میں ملوں اور فیکٹری مالکان کو دھمکیاں دے کر بھتہ وصول کرتے ہیں اور وہاں کام کرنے والے مہاجر نوجوانوں اور خاص طورپر لڑکیوں کے ساتھ بدتمیزی کرکے انہیں کام چھوڑنے پر مجبور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی جو خود کو وفاق کی جماعت کہتی ہے لیکن عملی طورپر یہ علیحدگی پسندوں کی سب سے بڑی حامی جماعت ہے جو سندھودیش کے نعرے کو سندھ کارڈ کے طورپر استعمال کرکے وفاقی اور وفاقی اداروں کو بلیک میل کرتی ہے۔