اے این ایف نے 19 ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2424.466 کلو گرام منشیات برآمد کر لی

منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث1خاتون سمیت 29 ملزمان گرفتار جبکہ 13گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں ،برآمد شدہ منشیات کی بین الاقوامی مالیت 67.905 ملین امریکی ڈالر ہے

جمعرات 10 جون 2021 20:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2021ء) اینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 19ملک گیر کاروائیوں کے دوران 2424.466 کلو گرام منشیات برآمد کر لیں جس کی بین الاقوامی مالیت 67.905 ملین امریکی ڈالر ہے جب کہ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث 1 خاتون سمیت 29 ملزمان کو حراست میں لیکر 13گاڑیاں بھی تحویل میں لے لی گئیں ۔ برآمد شدہ منشیات میں 18.116 کلو گرام ہیروئن، 852.15کلو گرام چرس اور 1554.2 کلو گرام افیون شامل ہیں۔

اے این ایف بلوچستان ، پولیس سٹیشن اے این ایف تربت نے پُنو قلعہ مری کلات کچا روڈ ضلع کیچ کے قریب ایک مہران کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 340 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ دوسری کاروائی میں، پولیس سٹیشن اے این ایف کوئٹہ نے قلی لال محمد کالا کریز تحصیل و ضلع پشین کے قریب خشک برساتی نالے سے 1508کلو گرام افیون برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ابتدائی رپورٹ کے مطابق برآمد شدہ منشیات کسی دیگرگروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے ذخیرہ کی گئی تھی ۔ اے این ایف پنجاب ، پولیس سٹیشن اے این ایف فیصل آباد نے گہوالا ٹول پلازہ کے قریب چھاپہ مار کاروائی کرتے ہوئے ہینو ٹرک کو تحویل میں لے کر دوران تلاشی ٹرک کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائی گئی 32.400 کلو گرام چرس اور 12 کلو گرام افیون برآمد کر کے موقع پر موجود پشاور کے رہائشی محمد جمیل اور محمد ابراہیم جبکہ صوابی کے رہائشی عثمان خان نامی تین ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

دوسر ی کاروائی میں، پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے ماجو چک ،شیخو پور ہ روڈ ، گوجرانوالہ کے قریب کاروائی کرتے ہوئے ایک سوزوکی سووفٹ کار کو روک کرتلاشی لیتے ہوئے کار کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی 36کلو گرام چرس برآمد کر کے پشاور کے رہائشی جبیدخان نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی میں، پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے ایکسپو سینٹر، جوہرٹائون، لاہور کے قریب ایک سوزوکی سووفٹ کار کو روک کردوران تلاشی اس میں چھپائی گئی 10.800کلوگرام چرس برآمد کر لی ۔

چوتھی کاروائی میں پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ میں واقع ایک بین الاقوامی کوریئر آفس کے ذریعے فیصل آباد کے رہائشی محمد شہر یار نامی شخص کی جانب سے مالدیپ کے لیئے بُک کروائے گئے پارسل کو تحویل میںلے کر تلاشی لیتے ہوئے اس میں موجود واش بیسن کے اندر خفیہ طریقے سے چھپائی گئی 1.684 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی ۔

پانچویں کاروائی میںپولیس سٹیشن اے این ایف فیصل آباد نے چوک بنگولا حسین شاہ پور ، ساہیوال روڈ ، سرگودھا کے قریب ایک سوزوکی سوفٹ کار کوروک کر دوران تلاشی کار میں موجود 3کلو گرام ہیروئن ، 33.600کلو گرام چرس اور 4.800کلو گرام افیون برآمد کر کے کار میں موجود راولپنڈی کے رہائشی یاسر محمود اور سرگودھا کے رہائشی مظہر عباس نامی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

چھٹی کاروائی میں پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے 21 ونگ پنجاب رینجرز کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے قصور کے رہائشی تاج دین الیاس عرف شیری مراسی نامی شخص کو حراست میں لے کر دوران تلاشی ملزم کے ذاتی قبضے سے 1.400کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ساتویں کاروائی میں ،پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے پنجاب رینجرز کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے قصور کے رہائشی محمد ثاقب ، محمد منشا اور گلزار احمد نامی تین موٹر سائیکل سواروں کی تلاشی کے دوران ان کے ذاتی قبضے سے موٹر سائیکل سمیت 2کلو گرام چرس اور 2 کلو گرام ہیروئن برآمد کر کے ان کو گرفتار کر لیا ۔

آٹھویں کاروائی کے دوران پولیس سٹیشن اے این ایف ملتان نے آفس 21ایجنسی چنگی نمبر 9 بوسان روڈ ملتان کے قریب چھاپہ مار کر ایک سوزوکی ویگن آر کو تحویل میں لے کر تلاشی لیتے ہوئے اس میں چھپائی گئی 13.200کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجودملتان کے رہائشی سیّد اسد عباس او ر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی رہائشی صباء شیرازی نامی دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

نوویںکاروائی کے دوران پولیس سٹیشن اے این ایف سیالکوٹ نے سیالکوٹ میں واقع ایک نجی کوریئر سروس کمپنی کے دفتر سے ڈھول پر مشتمل ایک کھیپ کو تحویل میں لے کر دوران تلاشی ڈھول میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1.050 کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ مذکورہ پارسل سیالکوٹ کے رہائشی علی جاسم کی جانب سے کویت کے لئے بُک کروایا گیا تھا ۔ دسویں کاروائی کے دوران پولیس سٹیشن اے این ایف لاہور نے مین بولیورڈ روڈ لاہور پر واقع ہاکی گرائونڈ کے قریب ایک عدد سوزوکی کلٹس اورایک عد د سوزکی سووفٹ کار کو روک کر دوران تلاشی دونوں گاڑیوں کے خفیہ خانوں میں چھپائی گئی مجموعی طور پر 8کلو گرام ہیروئن ، 68.400 کلو گرام چرس اور 29.4کلو گرام افیون برآمد کر لی ۔

گیارہویں کاروائی میں پولیس سٹیشن اے این ایف میانوالی نے مسلم کالونی ریلوے کراسنگ کالا باغ روڈ ، میانوالی کے قریب سرگودھا کے رہائشی محمد اکمل اور محمد سبتین نامی دو ملزمان کو حراست میں لیا۔دوران تلاشی ان کو پاس موجود تربوزوں میں چھپائی گئی 20.400 کلو گرام چرس برآمد کر لی ۔اے این ایف خیبرپختونخوا، پولیس سٹیشن اے این ایف ریجنل ڈائریکٹوریٹ پشاور نے 104 ونگ ایف سی نارتھ کے ساتھ مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے ڈوگرہ چیک پوسٹ پر ضلع خیبر کے رہائشی نجیب نامی موٹر سائیکل سوار کو روک کر تلاشی کے دوران اس ذاتی قبضے سے 1.200 کلو گرام چرس برآمد کر کے اسے گرفتار کر لیا ۔

دوسری کاروائی میں پولیس سٹیشن مانسہرہ نے عبداللہ ہسپتال مانسہرہ کے قریب ایک گاڑی کو روک کر دوران تلاشی مذکورہ گاڑی کے دروازے میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 1.350کلو گرام چرس برآمد کر کے گاڑی میں موجود مانسہرہ کے دو رہائشی عبدالقدیر اور ذوہیب نامی ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔تیسری کاروائی کے دوران پولیس سٹیشن اے این ایف کوہاٹ نے وطن ہوٹل انڈس ہائی وے کوہاٹ کے قریب کوہاٹ کے رہائشی شمس الرحمٰن اور سردار ولی نامی دو موٹر سائیکل سواروں کے قبضے سے 4.800کلو گرام چرس برآمد کر کے انہیں گرفتار کر لیا ۔

چوتھی کاروائی کے دوران پولیس سٹیشن اے این ایف مانسہرہ نے سیدہ سیکٹر 1کھلا بٹ ٹائون شپ ہری پور کے قریب ہری پور کے رہائشی عدنان علی اور وقاص علی نامی ملزمان کی تلاشی لیتے ہوئے ان کے قبضے سے 0.982کلو گرام ہیروئن برآمد کے انہیں گرفتار کر لیا ۔ پانچویں کاروائی میں پولیس سٹیشن اے این ایف پشاور نے متنی بائی پاس کوہاٹ روڈ پشاور کے قریب ایک ٹیوٹا پک اًپ ہائی لکس کو روک کر دوارن تلاشی گاڑی کے پچھلے حصے میں موجود آئل ڈرموں میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 276کلو گرام چرس برآمد کر کے موقع پر موجود چارسدہ کے رہا ئشی شاہ رُخ اور عدنان نامی ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

اے این ایف سندھ، پولیس سٹیشن اے این ایف گلشنِ اقبال کراچی نے سُپر ہائی وے کراچی میں واقع الآصف سکوائیر بس اڈا پر کاروائی کے دوران کوئٹہ کے رہائشی اعبدا لصبور اورنصیب اللہ نامی دو ملزمان کے قبضے سی12کلو گرام چرس برآمد کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ تمام مقدمات انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔