نااہل حکمران عوام اور سلامتی دونوں کیلئے وبال جان بن گئے

تحریک انصاف کی حکومت میں دفاعی بجٹ3 سالوں سے منجمد ہے، جبکہ ہندوستان نے اپنے دفاعی بجٹ میں62 فیصد اضافہ کیا، ن لیگ کی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود 40 فیصد اضافہ کیا تھا۔ سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 11 جون 2021 22:21

نااہل حکمران عوام اور سلامتی دونوں کیلئے وبال جان بن گئے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا ہے کہ نااہل حکمران عوام اور سلامتی دونوں کیلئے وبال جان بن گئے، تحریک انصاف کی حکومت میں دفاعی بجٹ3 سالوں سے منجمد ہے، جبکہ ہندوستان نے اپنے دفاعی بجٹ میں62 فیصد اضافہ کیا، ن لیگ کی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود 40 فیصد اضافہ کیا تھا۔

انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے 3 سال سے ہمارا دفاعی بجٹ منجمند ہے جبکہ ہمسایہ ملک نے اس میں اسی دوران 62 فیصد اضافہ کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پہلے 3 سالوں میں مشکل حالات کے باوجود دفاعی بجٹ میں 40فیصد اضافہ کیا تھا۔ نااہل حکمران عوام اور سلامتی دونوں کے لئے وبال جان ثابت ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے وفاقی بجٹ میں دفاع کیلئے1373 ارب روپے مختص کیے گئے، بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال 2021-22 میں دفاع کے لیے 1373 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

دفاعی بجٹ مجموعی قومی بجٹ کا 16 فیصد اور جی ڈی پی کا 2.8 فیصد ہے، بجٹ میں پاک آرمی کا دِفاعی بجٹ ملکی بجٹ کا 7 فیصد ہے۔ وفاقی بجٹ کا کل حجم 8 ہزار 487 ارب روپے ہے۔ اسی طرح آئندہ مالی سال میں امن عامہ کے لیے 178 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے۔ مزید برآں سیکرٹری جنرل ن لیگ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ریکارڈ مہنگائی برپا کرنے کے بعد تنخواہ دار طبقہ کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافہ ان کے ساتھ بدترین مذاق اور ان کے زخموں پہ نمک چھڑکنے کے مترادف ہے- اسے مسترد کرتے ہیں- کم از کم 25 فیصد اضافہ کیا جانا چاہیے تھا چونکہ تین سالوں سے اضافہ نہیں ہوا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے وفاقی بجٹ کو الفاظ کا گورکھ دھندا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، بجٹ سے مہنگائی بڑھنے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔اپوزیشن مل کر حکومت کو بے نقاب کرے گی، حکومت نے جعلی اعدادوشمار پیش کیے، مہنگائی، بےروزگاری ہے یہ کہتے ہیں معاشی ترقی ہو رہی ہے۔