بھارت تحریک آزادی کشمیرکو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے، خواجہ فردوس

کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی تحریک سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے‘اجلا س سے خطاب ․

پیر 14 جون 2021 14:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں بڑے پیمانے پر مزید قابض فوج تعینات کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت کشمیریوںکی تحریک آزادی کو دبانے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر میں پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی تحریک سے ہرگز دستبردار نہیں ہونگے کیونکہ بھارتی تسلط کے خلاف انہوںنے بے مثال قربانیاں دی ہیں جنہیں رائیگاں نہیں ہونے دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیرمیں آزادی کاسورج طلو ع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کی حمایت یافتہ مودی حکومت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 5اگست 2019ء کو جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی اور اب مقبوضہ علاقے میں ایک اور کارروائی کی تیاریاںکی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فسطائی حکومت اسرائیلی طرز پر جموںو کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے کشمیری عوام کو نہ صرف اپنی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا چاہتی ہے بلکہ ہر شعبے میں کشمیریوں کو نکال کر غیر کشمیریوں کوبھرتی کیاجارہا ہے۔

خواجہ فردوس نے کہا کہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے عالمی برادی اور اقوام متحدہ پر زور دیا ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کو متعلقہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم ہوسکے۔ اجلاس میں جموںو کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور و خوص کیاگیا اورگزشتہ دنوں سوپور میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس میں چیئرمین خواجہ فردوس کے علا وہ جنرل سیکرٹری پیر ہلال احمد ،چیف آرگنائزر محمد شعیب، سینئر رہنما شکیل احمد بٹ ، سجاد احمد بیگ اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔