فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم متحد ہے، شاہ محمود قریشی

او آئی سی کے اجلاس کے دوران ہی اسرائیل کا جنگ بندی پر آمادہ ہونا ہماری زبردست کامیابی ہے، اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے، وزیر خارجہ کا خطاب

پیر 14 جون 2021 20:34

فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم متحد ہے، شاہ محمود قریشی
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) دربار حضرت غوث بہائوالدین زکریا ؒ حضرت شا رکن عالم ؒ ‘ حضرت بی بی پاک دامنؒ کے سجادہ نشین و وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی قرارداد سے ثابت ہو گیا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلہ پر پوری قوم متحد ہے،او آئی سی کے اجلاس کے دوران ہی اسرائیل کا جنگ بندی پر آمادہ ہونا ہماری زبردست کامیابی ہے، اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات مسلم امہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

اس کے تدارک کیلئے مسلم امہ کو یکجا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒکی والدہ حضرت بی بی پاک دامن ؒ کے 747ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا فلسطین کی طرح کشمیر میں بھی بنیادی انسانی حقوق پا مال کئے جا رہے ہیں، وہاں بھی لوگوں کا جینا محال کردیا گیا ہے۔

اسرائیل اور بھارت کی کھلی جارحیت پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں قرارداد کی متفقہ منظوری پوری قوم کے لئے خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا ہم ایک پر آشوب دور سے گزر رہے ہیں ، کچھ قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے اور ملکی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ یہ وہ قوتیں ہیں جو بھائی کو بھائی سے لڑانا چاہتی ہیں۔

یہ وہ قوتیں ہیں جو ملک کے خلاف سازشیں کررہی ہیں۔ ہمیں ایسی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ان کا راستہ روکناہوگا۔ ہمیں اندرونی و بیرونی خلفشار سے بچنے کیلئے یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا اولیاء اللہ کے مزار مینار نور ہیں اور لو گ ہمیشہ ان سے ہدایت پاتے رہے ہیں۔ انہوں نے قریہ قریہ نگر نگر سفر کرکے تبلیغ اسلام کی اور ان اولیا اللہ کے ہاتھوں ہزاروں لوگ دائرہ اسلام میں آئے۔

تقریب میں مخدوم مرید حسین قریشی ‘ علامہ محمد فاروق خان سعیدی‘ مفتی خورشید احمد صدیقی‘ پروفیسر ڈاکٹر صدیق خان قادری‘ قاری مطیع الرسول حیدری اور قاری غلام فرید اظہری نے خطاب کرتے ہوئے کہا حضرت بی بی پاک دامن ? نے ہزاروں خواتین کو صراط مستقیم پر گامزن کیا اور ان کی اسلامی خطوط پر تعلیم و تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریڈ اوقاف ملتان رانا طارق علی ‘ چیئرمین ایم ڈی اے رانا عبدالجبار ‘ ملک ظہور مہے ‘ پیر واجد حسین قریشی‘ شیخ شاہد مظفر‘ مسعود مغل ‘ محمد ارشد صدیقی‘ مہر اظہر عباس چاون ‘ شیخ طاہر کے علاوہ عقیدت مندو ںکی کثیر تعداد موجود تھی۔

جبکہ حمید نواز عاصم ‘ احمد نواز عصیمی ‘ محمد عاصم گولڑوی ‘ محمد ذوالقرنین ‘ محمد ثقلین مہروی‘ نعمان بختیار نے ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے سرانجام دیئے۔ تقریب کے اختتام پر وزیر خارجہ و سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے ملکی سالمیت ‘ ترقی ‘ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل اور کرونا وبائی امراض کے خاتمے کیلئے خصوصی دعا کروائی