بھارتی زیر قبضہ جموںوکشمیر: شہید قاضی نثار کو خراج عقیدت

ہفتہ 19 جون 2021 17:03

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پولیٹیکل ریزس ٹنس موئومنٹ نے ڈاکٹر قاضی نثار احمد کو انکے 27ویں یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قاضی نثار احمد کو نامعلوم مسلح افراد نے 19جون 1994کو ضلع اسلام آباد کے علاقے دیال گام میں گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

جموںوکشمیر پولیٹیکل ریزس ٹنس موئومنٹ کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مصیب نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری ڈاکٹر قاضی نثار کی مذہبی اور سماجی خدمات کبھی فراموش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جاری تحریک آزادی کے دوران زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنی قیمتی جانیں قربان کی ہیں اور یہ عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجانے دی جائیں گی۔ انہوںنے کہا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت کو اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے اس مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق پاکستان اور کشمیریوں کے ساتھ سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔