لندن میں بیٹھا بھگوڑا پاکستانی سیاست کی ڈوریاں کیوں چلا رہا ہی:فردوس عاشق

بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کے سیاسی حالات سے لاتعلق نہیں رہ سکتے، پی ٹی آئی اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ جماعت ہے ن لیگ نے اوورسیز پاکستانی کمیشن کو لوٹ مار اور کرپشن کا ذریعہ بنا رکھا تھا، ڈاکٹرفردوس کی گورنر پنجاب کے ہمراہ پریس کانفرنس

پیر 21 جون 2021 19:51

لندن میں بیٹھا بھگوڑا پاکستانی سیاست کی ڈوریاں کیوں چلا رہا ہی:فردوس ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2021ء) معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کا رشتہ اعتماد کا ہے اور ان کے حقوق کی فراہمی پی ٹی آئی کے منشور کا حصہ ہے۔پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آتے ہی اوورسیز پاکستانیوںکی آواز بنی اورپہلی مرتبہ اوورسیز پاکستانیوںکے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ کوشش کی جا رہی ہے ۔

پی ٹی آئی کی حکومت سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے تمام جائزحقوق مہیاکر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے آج گورنر ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سروراور وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانی کمیشن چوہدری وسیم اختربھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سابق حکومت میں بننے والا اوورسیز پاکستانی کمیشن برائے نام کام کر رہا تھا۔

ن لیگ نے اوورسیز پاکستانی کمیشن کو لوٹ مار کا ذریعہ اور کرپشن میں لت پت کر رکھا تھا۔ن لیگ نے اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کا قتل عام کیا اور قبضہ مافیا کا ساتھ دیا۔معاون خصوصی نے کہاکہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوںکو سٹیک ہولڈرز بناتے ہوئے ان کے تمام مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر ثابت کر دیا ہے کہ پی ٹی آئی اوورسیز پاکستانیوںکی نمائندہ جماعت ہے۔

اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے پر اپوزیشن مایوسی کا شکارہے۔ کرپٹ اپوزیشن جماعتیں کبھی بھی اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مخلص نہیں رہیں۔ انہوں نے کہاکہ جعلی ارسطو اوورسیز کو ووٹ کا حق دینے کی مخالفت کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سیاسی حالات سے ناواقف ہیں۔ میں ان سے پوچھتی ہوں کہ اگر بیرون ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے حالات سے واقف نہیںاور انہیں ووٹ کا حق نہیں تو پھر ایک بھگوڑا لندن میں بیٹھ کر پاکستانی سیاست کی ڈوریاںکیوںچلا رہا ہے اور ملکی سیاست میں ٹانگ اڑاتا رہتا ہے۔

اس بھگوڑے کو لندن سے پاکستان کی سیاست میں داخل اندازی کا حق کیوں حاصل ہے۔اپوزیشن سے کہتی ہوں کہ اوورسیز پاکستانی کے نام پر سیاست نہ کریں۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں او پی سی ایکٹ منظور ہوچکا ہے جس کی بدولت اب کوئی اوورسیز پاکستانیوںکے حقوق سلب نہیں کرسکے گا۔

سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی آسانی کیلئے اوورسیز ویب پورٹل کو ازسرنو اپ ڈیٹ کیاگیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کی آواز بن کر پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی اور کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔پرائی جنگ گھر لاکر ہم نے پہلے ہی بھاری قیمت ادا کی ہے اب مزید ایسا نہیں ہونے دیں گے۔پی ٹی آئی کا منشور پاکستان کی قومی سلامتی سے جڑا ہے۔