Live Updates

تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا، اہم سیاسی شخصیت نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

پاکستان تحریک انصاف کے سابق ٹکٹ ہولڈرمیاں منظور وٹو کی آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہورمیں ملاقات، میاں منظور وٹو نے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کر دیا، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 23 جون 2021 21:39

تحریک انصاف کو بڑا جھٹکا، اہم سیاسی شخصیت نے پیپلزپارٹی میں شمولیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جون2021ء)  سابق صدر آصف زرداری کے دورہ لاہور نے تحریک انصاف کو زور دار جھٹکا دے دیا، اہم سیاسی شخصیت نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سابق ٹکٹ ہولڈرمیاں منظور وٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے لاہور میں ڈیرہ ڈالا ہوا ہے اور ان کے اس دورے کو بڑی اہمیت دی جارہی ہے، پاکستان تحریک انصاف کے سابق ٹکٹ ہولڈرمیاں منظور وٹو نے سابق صدر آصف علی زرداری سے بلاول ہاؤس لاہورمیں ملاقات کی، اس موقع پرسابق وزیر اعظم وزیر راجہ پرویز اشرف بھی موجود تھے میاں منظور وٹو نے آصف علی زرداری کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں موجود سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ،میاں منظور وٹو نے پی پی پی پارٹی شمولیت اختیار کر لی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں سیاسی صورتحال اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر مشاورت، پنجاب کی آئندہ سیاست کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے آصف زرداری کی خیریت دریافت کی اور آصف زرداری نے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔

ذرائع نجی ٹی وی کے مطابق ملاقات میں آئندہ عام انتخابات میں سیاسی اتحاد پر بھی غور کیا گیا، آئندہ انتخابات میں وسیع تعاون کیلئے مشاورت کے ساتھ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔پنجاب میں کسی بھی سیاسی تبدیلی کیلئے یکساں پالیسی اختیار کریں گے۔ دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف زرداری کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق کہا کہ پرویزالٰہی اورآصف زرداری کی ملاقات حکومت کیلئے خطرے کی گھنٹی نہیں، مہمان نوازی اور میزبانی پنجاب کا کلچر ہے۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور چودھری برادران کے درمیان پرانے تعلقات ہیں۔ واضح رہے سابق صدر آصف علی زرداری پیپلز پارٹی کو پنجاب میں مضبوط بنانے کے لیے سرگرم ہوگئے، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی کی جیت کے لیے جنوبی پنجاب کے حوالے سے آصف علی زرداری نے سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود کو جنوبی پنجاب میں پارٹی کو متحرک کرنے کی ہدایات دے دیں۔

سابق صدر نے مخدوم احمد محمود کو پی ٹی آئی سے مایوس جنوبی پنجاب کے لوگوں سے رابطوں کی ہدایت کر دی ہے جبکہ سابق صدر کے جنوبی پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے اہم سیاستدانوں سے بھی رابطے ہوئے ہیں، رابطوں میں آصف علی زرداری کو سیاستدانوں کی جانب سے مثبت جواب دیا گیا۔جہانگیر ترین گروپ کے کئی اہم رہنما بھی سابق صدر سے رابطوں میں ہیں۔ عام انتخابات سے قبل جہانگیر ترین گروپ کا بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا قوی امکان ہے اور سابق صدر عام انتخابات سے قبل پنجاب پیپلز پارٹی کی تنظیم کو بھی عوامی سطح پر متحرک کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات