بحران پر قابو پا لیا، ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، وفاقی وزیر حماد اظہر

پی ٹی آئی حکومت سے پہلے جولائی2018 میں پیداوار کا ریکارڈ 20 ہزار 811میگا واٹ تھا، تربیلا پیداوار کا 25 فیصد پیدا کررہا ہے پھر بھی ریکارڈ بجلی کی پیداوار ہوئی، پی ٹی آئی حکومت نے بجلی پیداوار ہی نہیں بلکہ ترسیل کے نظام کو بھی توسیع دی، حماد اظہر

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 12 جولائی 2021 23:23

بحران پر قابو پا لیا، ملک میں کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2021ء) حکومت نے بجلی کے کمزور ترسیلی نظام کو ٹھیک کرکے بحران پر قابو پا لیا، ملک میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی، وفاقی وزیر حماد اظہر کا دعوی- تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس وقت کہیں بھی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری اور وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیرحماد اظہر نے کہا کہ ترسیلی نظام میں4 ہزارمیگاواٹ کا اضافہ کیا ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ہم نے ساڑھے 24 ہزار میگا واٹ بجلی کی کامیابی سے ترسیل کی ہے۔ سابقہ حکومت پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر حماد اظہر نے استفسار کیا کہ اگر آپ نے بجلی کے سستے سودے کیےتو گردشی قرضے کیوں بڑھے؟ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ساہیوال میں امپورٹڈ کوئلے والاپلانٹ لگایا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب ہم آئے تھے تو گردشی قرضوں میں 450 ارب اضافہ ہو رہا تھا۔

وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہرنے کہا کہ اس سال گردشی قرضوں میں صرف 177 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل حماد اظہر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر کیے گئے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے اور 24ہزار284میگاواٹ بجلی نیٹ ورک کو فراہم کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت سے پہلے جولائی2018 میں پیداوار کا ریکارڈ 20 ہزار 811میگا واٹ تھا۔

ان کا کہنا تھاکہ تربیلا پیداوار کا 25 فیصد پیدا کررہا ہے پھر بھی ریکارڈ بجلی کی پیداوار ہوئی جبکہ پی ٹی آئی حکومت نے بجلی پیداوار ہی نہیں بلکہ ترسیل کے نظام کو بھی توسیع دی۔ ملک میں بجلی کی ریکارڈ پیداوار کے بعد لوڈشیڈنگ ختم ہونے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ تربیلا ڈیم کی بجلی کی پروڈکٹس میں کمی کی وجہ سے ملک بھر میں لوڈشیڈنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے اپنے ایک بیان میں بتایا تھا کہ بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔ تاہم بعدازاں اس شارٹ فال میں بتدریج کمی دیکھی گئی