Live Updates

آزاد کشمیر الیکشن، پولنگ کا عمل ختم ہوگیا ، ووٹوں کی گنتی جاری

آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 28 ہزار 99 ہے ، جن کے لئے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 جولائی 2021 17:27

آزاد کشمیر الیکشن، پولنگ کا عمل ختم ہوگیا ، ووٹوں کی گنتی جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 جولائی2021ء) آزاد کشمیر الیکشن میں پولنگ کا عمل ختم ہوگیا، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں پر انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا اور یہ سلسلہ شام 5 بجے تک بلا تعطل چلتا رہا ، آزاد جموں و کشمیر کے 45 حلقوں میں ووٹرز کی کل تعداد 32 لاکھ 28 ہزار 99 ہے ، جن کے لئے آزاد کشمیر اور پاکستان میں 6 ہزار 114 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ، پولنگ کے موقع پر آزاد کشمیر میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، 40 ہزار پولیس اہلکار الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، حساس پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات کی گئی جب کہ انتخابی عمل کو شفاف بنانے کے لیے پریذائیڈنگ آفیسرز سمیت 250 افسران کو مجسٹریٹ کے برابر اختیارات دیئے گئے۔

(جاری ہے)

نتخابات سے قبل گیلپ پاکستان کی جانب سے ایک سروے کروایا گیا جس میں آزاد کشمیر کی عوام سے ان کی رائے جاننے کی کوشش کی گئی ، سروے کے دوران آزاد کشمیر کی عوام سے سوال کیا گیا کہ وہ تحریک انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ میں سے کس سیاسی جماعت کی حمایت کرتے ہیں؟ سروے کے دوران پاکستان تحریک انصاف واضح اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ سروے نتائج کے مطابق آزاد کشمیر کے 44 فیصد عوام نے انتخابات کے دوران تحریک انصاف کو ووٹ دینے کے عزم کا اظہار کیا، جب کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگ عوام کی حمایت حاصل کرنے میں بری طرح ناکام رہیں جہاں 12 فیصد عوام ن لیگ اور صرف 9 فیصد لوگ پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے حامی ہیں ، یوں یہ دونوں جماعتیں مشترکہ طور پر صرف 21 فیصد عوام کی حمایت حاصل کر سکیں تاہم پاکستان تحریک انصاف تنہا 44 فیصد حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

گیلپ پاکستان کے سروے میں آزاد کشمیر کے عوام سے ان کے پسندیدہ سیاسی لیڈر کے حوالے سے بھی سوال کیا گیا، جس کے جواب میں کشمیری عوام کی اکثریت نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ ترین لیڈر قرار دیا ، آزاد کشمیر کی 67 فیصد عوام نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا پسندیدہ لیڈر قرار دیا ، بلاول بھٹو 49 اور شہباز شریف 48 فیصد حمایت حاصل کر سکے جب کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز آزاد کشمیر کی عوام میں مقبولیت حاصل کرنے میں ناکام رہیں، انہیں صرف 44 فیصد لوگوں کی حمایت حاصل ہوئی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات