کورونا وائرس بے قابو، مزید 76 افراد جان کی بازی ہار گئے

چوبیس گھنٹوں میں مزید 4497 نئے کیسز رپورٹ

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعرات 29 جولائی 2021 10:44

کورونا وائرس بے قابو، مزید 76 افراد جان کی بازی ہار گئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی2021ء ) کورونا وائرس بے قابو ہونے لگا۔ مہلک وائرس سے چوبیس گھنٹوں میں مزید 76 افراد جان کی بازی ہار گئے، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اموات کی تعداد 23 ہزار 209 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 10 لاکھ 20 ہزار 324 ہوگئی۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4497 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 3 لاکھ 54 ہزار 904، سندھ میں 3 لاکھ 74 ہزار 434، خیبر پختونخوا میں ایک لاکھ 42 ہزار 799، بلوچستان میں 30 ہزار 19، گلگت بلتستان میں 7 ہزار 935، اسلام آباد میں 86 ہزار 602 جبکہ آزاد کشمیر میں 23 ہزار 671 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 58 لاکھ 78 ہزار 471 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 59 ہزار 707 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 9 لاکھ 37 ہزار 354 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 84 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب محکمہ صحت سندھ نے صوبے میں 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے،کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جمعے کو سندھ میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع صوبائی ٹاسک فورس کے مطابق کراچی میں کورونا کیسز کی شرح30 فیصد سے تجاوز کرگئی ہے، جس پر طبی ماہرین اور محکمہ صحت نے حکومت سندھ کو 15 دن کے لاک ڈاوَن کی سفارش کردی ہے، حکومت سندھ نے مکمل لاک ڈاوَن لگانے کیلئے این سی اوسی سے رابطہ کرلیا ہے۔ جمعہ کو کورونا صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت وزیراعلیٰ سندھ کریں گے، اجلاس میں صوبے میں لاک ڈاوَن کے حوالے سے اہم فیصلے متوقع ہیں۔